- فتوی نمبر: 36-370
- تاریخ: 10 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > وراثت کا بیان > وراثت کے احکام
استفتاء
ہمارے والد کے نام پر رجسٹرڈ جائیداد اس وقت ہمارے قبضہ اور استعمال میں ہے ہمیں معلوم ہے کہ ہماری پھوپھیوں نے اپنے شرعی حصے نہیں لیے، لیکن یہ معلوم نہیں کہ انہوں نے اپنے حق سے باقاعدہ دستبرداری اختیار کی تھی یا نہیں؟
1۔ مذکورہ صورت میں ہمارے لیے اس جائیداد سے فائدہ اٹھانا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟
2۔ہمارے ملک بنگلہ دیش میں عام طور پر بہنیں بھائیوں سے اپنی وراثت کا حصہ نہیں لیتیں۔ اکثر یہ سوچ کر حصہ نہیں لیتیں کہ اگر مطالبہ کریں گی تو بھائیوں سے تعلقات خراب ہو جائیں گے۔ بعض اوقات ان کی خاموشی رضامندی معلوم ہوتی ہے، بعض دفعہ وہ کہتی ہیں کہ بعد میں لے لیں گی، اور بعض اوقات کچھ کہے بغیر ہی وفات پا جاتی ہیں۔ پھر بعد میں جائیداد بھائیوں کے نام منتقل ہو جاتی ہے اور ان کی اولاد اس سے فائدہ اٹھاتی رہتی ہے، جبکہ بہنوں کے بیٹے یا دیگر ورثاء بھی بعد میں اس کا مطالبہ نہیں کرتے۔
مذکورہ دونوں صورتوں میں کیا بھائیوں یا ان کی اولاد (بھتیجوں) کے لیے اس جائیداد سے فائدہ اٹھانا حرام ہوگا یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔مذکورہ صورت میں آپ کے لیے والد کی وراثت سے اپنے حصے کی حد تک نفع اٹھانا جائز ہے اور پھوپھیوں کا جائیداد میں جو حصہ ہے وہ ان کو دینا ضروری ہے تاہم پھوپھیاں اپنا حصہ دلی خوشی سے بھائیوں یا بھتیجوں کو دے دیں تو اس سے فائدہ اٹھانا بھی جائز ہے۔
2۔ مذکورہ صورت میں بہنوں کی خاموشی کی وجہ سے ان کا حصہ ختم نہیں ہوگا بلکہ باقی رہے گا اگر ان کا حصہ نقدی یا سونے چاندی میں ہے تو معاف کرنے یا اپنا حصہ کسی کو دے دینے سے ختم ہوگا اور اگر نقدی یا سونے چاندی کے علاوہ زمین جائیداد یا سامان میں ان کا حصہ ہے تو اس سامان یا جائیداد کا کسی کو مالک بنانے سے حصہ ختم ہوگا معاف کرنا کافی نہ ہوگا۔
تکملہ حاشیہ ابن عابدین (8/98) میں ہے:
ثم اعلم أن عدم سماع الدعوى بعد مضي ثلاثين سنة أو بعد الاطلاع على التصرف ليس مبنيا على بطلان الحق في ذلك، وإنما هو مجرد منع للقضاة عن سماع الدعوى مع بقاء الحق لصاحبه، حتى
لو أقر به الخصم يلزمه، ولو كان ذلك حكما ببطلانه لم يلزمه ويدل على ما قلناه تعليلهم للمنع بقطع التزوير والحيل كما مر فلا يرد ما في قضاء الاشباه من أن الحق لا يسقط بتقادم الزمان
حاشیۃ الطحطاوی علی الدر(10/461) میں ہے:
ثم تقدم ديونه التى لهامطالب من جهة العباد. ويقدم دين الصحة على دين المرض ان جهل سببه والافسيان كما بسطه السيد
(قوله ان جهل سببه ) . اما اذا علم بأن اقر في مرضه بدين علم ثبوته بطريق المعاينة كما يجب بدلا عن مال ملكه او استهلكه كان ذلك با الحقيقة من دين الصحة اذ قد علم وجوبه بغير اقراره فلذلك ساواه فى الحکم انتهى
واعلم أن ديون العباد ثلاثة قوى ووسط وضعيف. فالقوى : هو الذي يقدم على التكفين والتجهيز کا الحقوق المتعلقة بعين من اعيان التركة والوسط ماثبت بالبينة او بالاقرار فى الصحة وماثبت بالمعاينة فى المرض.والضعيف :ما ثبت بالاقرار في المرض
ہدایہ (5/3) میں ہے:
قال: “الشركة ضربان: شركة أملاك، وشركة عقود. فشركة الأملاك: العين يرثها رجلان أو يشتريانها فلا يجوز لأحدهما أن يتصرف في نصيب الآخر إلا بإذنه، وكل منهما في نصيب صاحبه كالأجنبي
غمز عیون البصائر شرح الاشباہ والنظائر (3/354) میں ہے:
لو قال الوارث: تركت حقي لم يبطل حقه؛ إذ الملك لا يبطل بالترك، والحق يبطل به حتى لو أن أحدا من الغانمين قال قبل القسمة: تركت حقي بطل حقه، وكذا لو قال المرتهن: تركت حقي في حبس الرهن بطل، كذا في جامع الفصولين للعمادي
قوله: لو قال الوارث: تركت حقي إلخ. اعلم أن الإعراض عن الملك أو حق الملك ضابطه أنه إن كان ملكا لازما لم يبطل بذلك كما لو مات عن ابنين فقال أحدهما: تركت نصيبي من الميراث لم يبطل لأنه لازم لا يترك بالترك بل إن كان عينا فلا بد من التمليك وإن كان دينا فلا بد من الإبراء، وإن لم يكن كذلك بل ثبت له حق التملك صح كإعراض الغانم عن الغنيمة قبل القسمة كذا في قواعد الزركشي من الشافعية ولا يخالفنا إلا في الدين، فإنه يجوز تمليكه ممن هو عليه.
قوله: كذا في جامع الفصولين. يعني في الثامن والثلاثين وعبارته: قال أحد الورثة برئت من تركة أبي؛ يبرأ الغرماء عن الدين بقدر حقه لأن هذا إبراء عن الغرماء بقدر حقه فيصح ولو كانت التركة عينا لم يصح
فتاویٰ محمودیہ (30/78) میں ہے:
سوال:- خواجہ کی تین لڑکیاں ہندہ وغیرہ اور ایک لڑکا تھا۔خواجہ کا تو انتقال ہوگیا ہندہ وغیرہ لڑکیاں اور باب اللہ لڑکا کو چھوڑ گیا۔ سارا ترکہ باب اللہ کے نام ہوگیا لیکن اس کی بہنیں ہندہ وغیرہ نے اپنا حق نہیں لیا حتیٰ کہ اپنے بھائی باب اللہ سے سب سے پہلے انتقال کرگئیں۔ بعدہٗ باب اللہ دولڑکیاں اور ایک لڑکا سرور کو چھوڑ کر انتقال کرگئے۔ باب اللہ کا سب ترکہ ان کے لڑکے سرور کے نام ہوگیا بعدہ سروربھی دو بہنیں اور ایک بیوی چھوڑ کر انتقال کرگئے اب سرور کے ترکہ میں اس کی پھوپھیاں ہندہ وغیرہ کے لڑکے حق کا دعویٰ کرتے ہیں۔
دریافت طلب یہ امر ہے کہ سرور کی پھوپھیوں ہندہ وغیرہ نے جبکہ اپنے بھائی باب اللہ سے اپنی زندگی میں اپنا حق نہیں لیا اور باب اللہ کا سارا ترکہ ان کے لڑکے سرور کے نام ہوچکا ہے تو کیا پھوپھیوں کے مرجانے کے بعد بھی ان کا حق باقی ہے اور ان کے لڑکے شرعاً حصہ لے سکتے ہیں اگر لے سکتے ہیں تو کیا؟
الجواب حامداًومصلیاً: محض نہ لینے سے وارث کی ملک مال مورث سے زائل نہیں ہوتی لہٰذا اگر ہندہ وغیرہ نے باب اللہ کو اپنا حصہ ہبہ کرکے باقاعدہ قبضہ کرادیا تھا تب تو ہندہ کے ورثہ کو باب اللہ کے ورثہ سے اس کے لینے کا حق حاصل نہیں ۔۱ اور اگر باقاعدہ ہبہ نہیں کیا تو پھر حق حاصل ہے۔ جس کی مقدار خواجہ کے انتقال سے اس وقت تک نام بنام موتیٰ کی ترتیب اور ورثہ کی تفصیل معلوم ہونے پر تحریر کی جاسکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved