• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بغیر اجازت کمیٹی کے پیسے استعمال کرنا

استفتاء

ایک خاتون نے دوسری خاتون  کے پاس کمیٹی ڈالی پہلی خاتون کی  کمیٹی  نکلی لیکن دوسری خاتون  نے بغیر پوچھے اس خاتون  کی رقم ضرورت پڑنے پر استعمال کر لی کہ اُن خاتون کو کمیٹی ڈال کر  واپس کر دوں گی لیکن پہلی خاتون انتقال کرگئیں ، اب یہ رقم کیسے واپس ہو  گی؟  کیونکہ مرنے والی خاتون  کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ اور کوئی بہن بھائی بھی پاکستان میں نہیں ہے وہ بتاتی تھی کہ ایک بھائی باہر رہتا ہے لیکن مجھ سے تعلق نہیں رکھتا  اور شوہر بھی نہیں   ہےکسی  رشتے دار سے  بھی  کوئی رابطہ نہیں ہے کیونکہ ان خاتون سے ہی رابطہ تھا۔ اب جس عورت نے کمیٹی کے  پیسے استعمال کیے وہ کیسے ان پیسوں کی ادائیگی کرے   ؟ تاکہ قیامت   کے دن اللہ کے گھر پکڑ نہ ہو۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اس خاتون کی رقم بغیر پوچھے استعمال کرنا جائز نہیں تھا لہذا  اس پر وہ خاتون جس نے یہ رقم استعمال کی تھی  توبہ و استغفار کرے اور مذکورہ رقم اس خاتون کی جانب سے صدقہ کی نیت کر کے کسی مستحق زکوۃ کو  دیدے۔

بذل المجہود (1/37)  میں ہے:

‌صرح ‌الفقهاء ‌بأن ‌من ‌اكتسب مالا بغير حق، فإما أن يكون كسبه بعقد فاسد، كالبيوع الفاسدة والاستئجار على المعاصي والطاعات، أو بغير عقد، كالسرقة والغصب والخيانة والغلول، ففي جميع الأحوال المال الحاصل له حرام عليه، ولكن إن أخذه من غير عقد ولم يملكه يجب عليه أن يرده على مالكه إن وجد المالك، وإلا ففي جميع الصور يجب عليه أن يتصدق بمثل تلك الأموال على الفقراء

احسن الفتاوی (9/303 ) میں ہے

سوال : زید نے تین ہزار روپے بطور امانت بکر کے پاس رکھے زیدکا انتقال ہو گیا اس کا کوئی شرعی وارث نہیں اب اس رقم کو مسجد با مدرسہ میں لگایا جائے یا کسی فقیر پر صدقہ کیا جائے شرعا بہتر مصرف کیا ہے ؟

الجواب: اس رقم کا صحیح مصرف بیت المال ہے اس زمانہ میں چونکہ بیت المال کا انتظام نہیں لہذا اس کا مصرف مساکین ہیں مسجد یا مدرسہ میں لگانا جائز نہیں ، مسکین کی ملک میں دینا لازم ہے ، طلبہ و مجاہدین کو دنیا زیادہ باعث اجر ہے۔

فتاوی دارالعلوم دیوبند (15/73) میں ہے:

سوال:زید نے عمر کے پاس مثلا بیس روپیہ  بطور امانت یا قرض حسنہ کے حوالے کیے اور چند مدت کے بعد زید مذکور قبل استیفائے دین یا ودیعت بقضائے الہی فوت ہوگیا اور کوئی وارث شرعی بھی نہیں چھوڑا جس کے حوالے وہ مال کیا جائے اب عمر مذکور سوال کرتا ہے کہ وہ مال شرعا ًکس جگہ خرچ کیا جائے ؟

الجواب: حکم ایسے مال کا شرعا یہ ہے کہ فقراء پر صدقہ کر دیا جاوے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved