- فتوی نمبر: 36-377
- تاریخ: 10 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > وراثت کا بیان > وراثت کے احکام
استفتاء
والد کی جگہ پر دو بھائیوں (ہمارے والد اور چچا ) نے گھر بنایا، ایک بھائی (ہمارا والد) فوت ہوگیا، اس کے ورثاء میں بیوہ، پانچ بیٹے اور ایک بیٹی ہے، اس بھائی نے اپنی زندگی میں ایک بیٹے کی بیوی کے مہر میں ایک کمرہ دیا ہے، اس بھائی کے بیٹے کہتے ہیں کہ یہ نصف مکان ہمارے والد کی میراث ہے جوکہ والد صاحب کے ورثاء میں تقسیم ہوگا، جس بیٹے کی بیوی کے مہر میں کمرہ دیا ہے اس کا مہر خاوند کے ذمے لازم ہے ہم اس مکان میں سے جو اس بیٹے کا حصہ بنتا ہے وہ دیں گے۔ سوال یہ ہے کہ مکان کی تقسیم کس طرح ہوگی؟ اور یہ کمرہ مہر میں ہوگا یعنی اس کی ادائیگی سسر کے ذمے ہوگی یا اس مہر کی ادائیگی خاوند کے ذمے ہوگی اور وہ باپ کی میراث میں مکان میں جتنی جگہ بنتی ہے وہ لے گا؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں مہر کی ادائیگی سسر کے ذمہ ہوگی۔ لہذا مہر میں دیا گیا کمرہ مرحوم کی بہو کی ملکیت ہے، وہ وراثت میں تقسیم نہ ہوگا۔ اس کمرے کے علاوہ باقی گھر کو مرحوم کے ورثاء (ایک بیوی، پانچ بیٹے اور ایک بیٹی) میں تقسیم کیا جائے گا جس کی صورت یہ ہوگی کہ میت کے کل ترکہ کے کل 88 حصے کیے جائیں گے جن میں سے 11حصے (12.5 فیصد) بیوی کو، 14 حصے (15.909 فیصد) ہر ایک بیٹے کو، اور 7 حصے (7.954 فیصد) بیٹی کو ملیں گے۔
صورت تقسیم درج ذیل ہے:
8×11=88
| بیوی | 5بیٹے | 1بیٹی |
| ثمن | عصبہ | |
| 8/1 | 7 | |
| 1 | 7 | |
| 1×11 | 7×11 | |
| 11 | 77 | |
| 11 | 14+14+14+14+14 | 7 |
توجیہ: عقد نکاح کے وقت سسر کا کمرہ کو بہو کے مہر میں لکھوانا ضمانت ہے اور شوہر کا ولی ہونے کی حیثیت سے سسر کا ضامن بننا درست بھی ہے اس لیے اس کی ادائیگی بھی انہی کے ترکہ میں سے کی جائے گی۔
البحر الرائق (3/305) میں ہے:
(قوله وصح ضمان الولي المهر) ………. واستفيد من صحة الضمان أيضا أن الأب لو مات قبل الأداء فللمرأة الاستيفاء من تركة الأب؛ لأن الكفالة بالمال لا تبطل بموت الكفيل
خیر الفتاویٰ (4/534) میں ہے:
سوال: محمد سلیم کا نکاح ہوا، اس وقت 30 ہزار روپے اور ایک مرلہ زمین حق مہر مقرر ہوا اب سلیم اپنے والد ابراہیم سے کہتا ہے کہ ایک مرلہ حق مہر زمین ادا کرو شریعت کی رُوسے فرمائیں کہ آیا مہر خاوند کے ذمے ہے یا اس کے والد کے ذمے؟جبکہ والد نے زبانی طور پر کوئی قید وشرط نہیں لگائی کہ میں ادا کروں گا البتہ نکاح نامہ میں والد کی اجازت سے ایک مرلہ مکان کی زمین بطور مہر لکھی گئی تھی ۔
جواب: بر تقدیر صحت واقع صورت مسئولہ میں والد کو چاہیے کہ مکان کا جتنا حصہ بطور مہر لکھوایا تھا وہ یا اس کی قیمت وہ محمد سلیم کی زوجہ کو ادا کرے مہر کے خانہ میں لکھوانا ایک قسم کی ضمانت ہے اور ولی شرعاً مہر کا ضامن بن سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved