- فتوی نمبر: 37-133
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > نکاح کا بیان > مہر کا بیان
استفتاء
میرا نکاح زید نامی شخص سے ہوا۔ نکاح کے وقت لڑکے والوں نے ہمیں بتایا تھا کہ میرے شوہر سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں اور ایک سال بعد پاکستان واپس آتے ہیں۔ نیز یہ طے ہوا تھا کہ وہ مجھے ماہانہ خرچہ دینے کے پابند ہوں گے۔ حقِ مہر میں پانچ لاکھ روپے مالیت کا زیور معجل اور پانچ لاکھ روپے غیر معجل طے ہوا تھا۔بعد میں میرے شوہر کی بڑی بہن نے بتایا کہ لڑکے والوں نے ہم سے جھوٹ بولا تھا کہ میرا شوہر ایک سال بعد واپس آتا ہے، حالانکہ وہ دو سال بعد یا اس سے بھی زیادہ تاخیر سے واپس آتا ہے۔
میرے شوہر سعودی عرب جاتے وقت مجھے صرف تین ہزار روپے دے کر گئے۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کے سامنے یہ بھی طے ہوا تھا کہ میں ایک ہفتہ اپنے والدین کے گھر اور ایک ہفتہ سسرال میں رہوں گی۔ شوہر کے جانے کے ایک ماہ بعد جب میں نے خرچہ مانگا تو انہوں نے کافی ٹال مٹول کے بعد خرچہ بھیجا۔ اسی دوران میں بیمار ہوئی تو خرچہ مانگنے پر انہوں نے کہا کہ تم نے پیسوں کی خاطر شادی کی ہے۔ دوسرے ماہ بھی بار بار مطالبہ کرنے پر خرچہ بھیجا اور بعد میں انہوں نے کہا کہ اپنے سسرال میں جا کر رہو گی تو خرچہ بھیجوں گا، اور ایک دفعہ یہ بھی کہا کہ اپنے خرچے کے لیے میرے بھائی سے لے لو، میں اسے پیسے بھیج دوں گا۔
جب میں سسرال گئی تو گھر کے حالات شادی سے پہلے کی حالت سے بالکل مختلف تھے۔ کچن کا کوئی خاص انتظام نہیں تھا گھر میں صرف لڑکے ہی تھے کوئی خاتون نہیں تھی اس لیے میں والد کے گھر آگئی۔میرے شوہر نے کئی ماہ سے مسلسل خرچہ نہیں بھیجا، جس کی وجہ سے میں نے اپنے پاس موجود مہر کی رقم سے اپنی ضروریاتِ زندگی پوری کیں۔
میرے والد صاحب کی میرے شوہر سے فون پر بات ہوئی۔ میرے والد نے ان سے کہا کہ اب میں اپنی بیٹی کو تمہارے ساتھ نہیں بسا سکتا۔ اس گفتگو میں سخت کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد میں نے اپنے شوہر سے رابطہ ختم کردیا۔ میرے شوہر تقریباً دو سال سے میرے کئی مرتبہ بلانے کے باوجود پاکستان واپس نہیں آئے کہتے ہیں اتنا عرصہ تو سب ہی باہر لگاتے ہی ہیں اور اس عرصے میں انہوں نے مجھے مقررہ نان و نفقہ جو نکاح نامہ میں لکھا ہوا تھا وہ بھی نہیں دیا۔
اب میں اپنے شوہر زید کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی اور ان سے علیحدگی چاہتی ہوں۔ میرے شوہر طلاق کے عوض میں مجھ سے پانچ لاکھ روپے مہر کی رقم واپس مانگتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پانچ لاکھ مہر کی رقم واپس کردو اور غیر معجل مہر معاف کردو ورنہ وہ میرا فرنیچر اور دیگر سامان واپس نہیں کریں گے۔
میری گزارش ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں درج ذیل امور میں میری رہنمائی فرمائیں:
1۔ میرے شوہر کے لیے حق مہر کی رقم واپس لینا جائز ہے یا نہیں؟
2۔میرے نان و نفقہ کی ذمہ داری جو میرے شوہر پر تھی وہ مجھے اس کے دین دار ہوں گے یا نہیں؟
شوہر کی طرف سے وضاحت:
سعودی عرب آنے سے پہلے میں نے لڑکی کو شاپنگ بھی کروا دی جو کچھ اس نے کہا وہ لے کر دیا اور تین ہزار میرے پاس بچے تھے وہ میں نے خرچ کے طور پر اسے دے دیے، سعودیہ آکر بھی میں نے پہلے دو تین مہینے خرچہ بھجوایا لیکن ان دو تین مہینوں میں لڑکی کا رویہ میرے ساتھ اچھا نہیں تھا نہ وہ مجھ سے فون پر بات کرتی اور اگر میں فون کرتا تو وہ کہتی کہ میں نے آپ کو منع نہیں کیا کہ جب میں فون کروں گی تب آپ نے مجھ سے بات کرنی ہے اور نہ ہی وہ اپنے سسرال رہنے کے لیے واپس گئی حالانکہ پہلے بات ہوئی تھی کہ لڑکی سسرا ل ہی رہے گی اس طرح کی وجوہات کی بناء پر میں نے تنبیہ کے لیے اس کا خرچہ دینا بند کر دیا اور جہاں تک کچن کے صحیح کروانے کی بات ہے تو میں نے بارہا کہا کہ تم سسرال چلی جاؤ جیسا چاہو کچن تیار کروا لو پیسے بھیج دیتا ہوں ،اور یہ بات بھی جھوٹ ہے کہ میری بھابھیاں وہاں نہیں تھیں وہ سب وہیں اپنے بچوں سمیت رہتی ہیں، نیز لڑکی والوں کا یہ کہنا کہ ایک سال بعد واپس آنا طے ہوا تھا تو میں مانتا ہوں کہ ایک سال بعد واپس آنا طے ہوا تھا لیکن مجھے عذر یہ پیش آ گیا تھا کہ میرے ساتھ کام کرنے والے لڑکے کی والدہ فوت ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ چھٹی لے کر چلا گیا اور اور مجھے کمپنی نے چھٹی نہیں دی اور سوا سال گزرنے کے بعد جب میری اپنی بیوی کی بڑی بہن سے فون پر بات ہوئی اور اس نے پوچھا کہ آپ آئے نہیں میں نے اسے یہ عذر بیان کیا تو اس نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ خیر خیریت سے آئیں، جتنا جلدی ہو سکے آنے کی کوشش کریں ، کچھ عرصے بعد ان لوگوں نے طلاق کا مطالبہ شروع کر دیا میں نے طلاق دینے سے انکار کیا انہوں نے کہا کہ ہم عدالت میں فیصلہ لے جاتے ہیں ۔میں نے کہا کہ آپ عدالت میں فیصلہ لے جانے کی بجائے کسی مفتی صاحب سے شرعی فیصلہ کروالیں تو میں نے مفتی صاحب سے بات کی انہوں نے ساری بات سن کر کہا کہ اب اگر لڑکی والے طلاق ہی لینا چاہتے ہیں تو انہیں حق مہر واپس کرنا ہوگا یا معاف کرنا ہوگا اور جو ہرجانہ آپ مقرر کرو گے وہ بھی دینا ہوگا تو اسی ضمن میں میں نے یہ کہا کہ اگر طلاق لینی ہے تو مجھے میرا سارا حق مہر واپس کرو اور جہاں تک فرنیچر کا معاملہ ہے تو میں نے کب کہا ہے کہ میں نے فرنیچر نہیں دینا، فرنیچر آپ کا ہی ہے میں تو کہہ رہا ہوں کہ جب فیصلہ ہو جائے گا تو آکر اپنا فرنیچر لے جانا۔آپ بتائیں کہ طلاق کے عوض میں میرا حق مہر کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست ہے یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔ مذکورہ صورت میں اگر لڑکا سچا ہے تو اس کا طلاق کے عوض میں مہر کی واپسی کا مطالبہ جائز ہے اور اگر لڑکی سچی ہے تو یہ مطالبہ جائز نہیں۔
توجیہ : مذکورہ صورت میں یہ دیکھا جائے گا کہ نشوز کس کی جانب سے ہے اگر نشوز لڑکی کی طرف سے ہے تو لڑکے کے لیے طلاق کے بدلے مہر کی واپسی کا مطالبہ کرنا شرعا جائز ہے اور اگر نشوز لڑکی کی طرف سے نہیں تو خلع یا طلاق دینے کے عوض مہر کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست نہیں۔مذکورہ صورت میں چونکہ میاں بیوی کے بیانات میں اختلاف ہے شوہر کے بیان کے مطابق بیوی کی طرف سے نشوز ہے اور بیوی کے بیان کے مطابق بیوی کی طرف سے نشوز نہیں ہے اس لیے اگر شوہر سچا ہے تو اس کا مطالبہ درست ہے اور اگر بیوی سچی ہے تو شوہر کا مطالبہ درست نہیں۔
2۔ اگربیوی کا بیان سچ ہے تو گزشتہ مہینوں کا خرچہ شوہر کے ذمہ قرض ہے اور بیوی اس کا مطالبہ کر سکتی ہے اور اگر شوہر کا بیان سچ ہے تو بیوی کا گذشتہ مہینوں کا خرچ شوہر کے ذمے قرض نہیں۔
توجیہ: چونکہ زوجین کے درمیان خرچہ آپس کی رضامندی اور گواہوں کی موجودگی میں طے ہوا تھا اس لیے طے شدہ خرچہ ادا نہ کرنے کی صورت میں شوہر کے ذمے قرض ہوگابشرطیکہ بیوی کی طرف سے نشوز نہ ہو۔
شامی (3/572) میں ہے:
باب النفقة: هي لغة: ما ينفقه الإنسان على عياله وشرعا: (هي الطعام والكسوة والسكنى) وعرفا هي: الطعام (ونفقة الغير تجب على الغير بأسباب ثلاثة: زوجية، وقرابة، وملك) ……. (فتجب للزوجة) بنكاح صحيح
شامی (5/95) میں ہے:
(وكره) تحريما (أخذ شيء) ويلحق به الإبراء عما لها عليه (إن نشز وإن نشزت لا) ولو منه نشوز أيضا
بدائع الصنائع (5/144) میں ہے:
فجملة الكلام فيه أن النشوز لا يخلو إما أن كان من قبل الزوج وإما إن كان من قبل المرأة فإن كان من قبل الزوج فلا يحل له أخذ شيء من العوض على المخلع لقوله تعالى: {وإن أردتم استبدال زوج مكان زوج وآتيتم إحداهن قنطارا فلا تأخذوا منه شيئا} [النساء: 20] نهى عن أخذ شيء مما آتاها من المهر وأكد النهي بقوله: {أتأخذونه بهتانا وإثما مبينا} [النساء: 20] ، وقوله: {ولا تعضلوهن لتذهبوا ببعض ما آتيتموهن} [النساء: 19] أي: لا تضيقوا عليهن لتذهبوا ببعض ما آتيتموهن {إلا أن يأتين بفاحشة مبينة} [النساء: 19] أي: إلا أن ينشزن؛ نهى الأزواج عن أخذ شيء مما أعطوهن واستثنى حال نشوزهن.
المبسوط للسرخسی (5/184) میں ہے:
ولو خاصمته امرأته في نفقة ما مضى من الزمان قبل أن يفرض القاضي عليه لها النفقة لم يكن لها شيء من ذلك عندنا. وعلى قول الشافعي – رحمه الله تعالى – يقضى لها بما لم تستوف من النفقة الماضية. وأصل المسألة أن النفقة لا تصير دينا إلا بقضاء القاضي، أو التراضي عندنا. وعند الشافعي تصير دينا…وحجتنا في ذلك أن النفقة صلة والصلات لا تتأكد بنفس العقد ما لم ينضم إليها ما يؤكدها، كالهبة والصدقة من حيث إنها لا تتم إلا بالقبض..فعرفنا أن طريقه طريق الصلة، وتأكدها إما بالقضاء، أو التراضي ولأن هذه نفقة مشروعة للكفاية فلا تصير دينا بدون القضاء، كنفقة الوالدين والمولودين لا تصير دينا بمجرد مضي الزمان فكذا هنا.”
العقود الدریہ فی تنقیح الفتاویٰ الحامدیہ (1/74) میں ہے:
(سئل) في رجل فرض على نفسه برضاه لزوجته وابنه الصغير منها في كل يوم كذا لنفقتهما، ومضى لذلك عدة أشهر دفع منها بعضها وامتنع من دفع الباقي بلا وجه شرعي، فهل يلزمه الباقي؟
(الجواب): نعم؛ لأن النفقة لاتصير دينًا إلا بالقضاء أو الرضا، كما في التنوير (أقول:) هذا مسلم بالنظر إلى نفقة الزوجة فإنها لاتسقط بمضي المدة بعد فرضها، وأما بالنظر إلى نفقة الصغير فهو مبني على ما مر قبل صفحة عن الزيلعي من أنه كالزوجة وقد علمت ما فيه.”
الاختیار لتعلیل المختار (3/157) میں ہے:
قال: (ويكره أن يأخذ منها شيئا إن كان هو الناشز) قال تعالى: {وإن أردتم استبدال زوج مكان زوج وآتيتم إحداهن قنطارا فلا تأخذوا منه شيئا} [النساء: 20] فحملناه على الكراهية عملا بالنص الأول، وقيل هي نهي توبيخ لا تحريم، (وإن كانت هي الناشزة كره له أن يأخذ أكثر مما أعطاها) لما روي «أن جميلة بنت عبد الله بن أبي ابن سلول، وقيل حبيبة بنت سهل كانت تحت ثابت بن قيس بن شماس، فأتت رسول الله صلى الله عليه وسلم فقالت: يا رسول الله لا أنا ولا هو، فأرسل رسول الله إلى ثابت، فقال: قد أعطيتها حديقة، فقال لها: ” أتردين عليه حديقته وتملكين أمرك؟ فقالت نعم وزيادة، قال: أما الزيادة فلا، فقال عليه الصلاة والسلام: يا ثابت خذ منها ما أعطيتها ولا تزدد وخل سبيلها. ففعل وأخذ الحديقة، فنزل قوله تعالى: {ولا يحل لكم أن تأخذوا مما آتيتموهن شيئا} [البقرة: 229] إلى قوله: {فلا جناح عليهما فيما افتدت به} [البقرة: 229] » .
(وإن أخذ منها أكثر مما أعطاها حل له) بمطلق الآية.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved