- فتوی نمبر: 37-134
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
کیا چھوٹے بچے کی قبر پر تلاوت کرسکتے ہیں یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
کرسکتے ہیں۔
توجیہ: قبر پر تلاوت سے مقصود عموماً ایصالِ ثواب ہوتا ہے،ایصال ثواب جیسے مغفرت کیلئے ہوتا ہے ایسے ہی رفع درجات کے لیے بھی ہوتا ہے رفع درجات کی دعا بچوں کے لیے بھی کی جاتی ہے،جیسا کہ نماز جنازہ میں بچوں کے حق میں مغفرت کی دعا رفع درجات کے لیے ہوتی ہے،لہذا بچے کی قبر پر تلاوت کی جا سکتی ہے۔
روح المعانی (11/262) میں ہے:
وإن كان الدعاء بالمغفرة لا يستلزم وجوب ذنب بل قد يكون بزيادة درجات كما يشير إليه استغفاره عليه الصلاة والسّلام في اليوم والليلة مائة مرة. وكذا الدعاء بها للميت الصغير في صلاة الجنازة
مرقاۃ المفاتیح (3/1208) میں ہے:
(وصغيرنا وكبيرنا) قال ابن حجر: الدعاء في حق الصغير لرفع الدرجات……ونقل التوربشتي عن الطحاوي: أنه سئل عن معنى الاستغفار للصبيان مع أنه لا ذنب لهم، فقال: معناه السؤال من الله أن يغفر له ما كتب في اللوح المحفوظ أن يفعله بعد البلوغ من الذنوب حتى إذا كان فعله كان مغفورا، وإلا فالصغير غير مكلف فلا حاجة له إلى الاستغفار
فتاوی محمودیہ(9/238) میں ہے:
سوال: مرحومین کے لیے زندوں کے ایصالِ ثواب سے فائدہ پہنچتا ہے،لیکن نا بالغ معصوم بچوں کے لیے ایصالِ ثواب کا کیا فائدہ؟جب کہ وہ معصوم اور جنتی ہیں،ایسے معصوم بچوں کی نماز جنازہ میں کہیں استغفار نہیں ہے،استغفار اور ایصالِ ثواب بچوں کے لیے غیر مفید ہے تو بچوں کی قبر کی زیارت سے بھی کوئی فائدہ نہیں۔ایسے بچوں سے تعلق رکھنے کا کیا طریقہ ہو سکتا ہے؟
جواب: درجات میں تو ترقی بہرحال ہوتی ہے اس لیے ایصالِ ثواب میں کیا اشکال ہے اس کے لیے استغفار کی حاجت نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved