- فتوی نمبر: 36-386
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > وراثت کا بیان > وصیت کے احکام
استفتاء
میرے والد کی 2 بیویاں تھیں۔ پہلی بیوی (میری والدہ) ان کا انتقال 20سال پہلے ہو چکا ہے۔ ان سے 6 بیٹے اور 3 بیٹیاں ہیں۔ یعنی ہم 9 بہن بھائی ہیں۔دوسری بیوی زندہ ہیں اور ان سے 1 بیٹی ہے۔میرے والد کا بھی انتقال ہو چکا ہے۔ والد کے انتقال سے پہلےوالد صاحب کو ایسی بیماری تھی کہ ان کو لگ رہا تھا کہ اب وہ بچ نہیں سکتے ان کے پاس 42 لاکھ روپے تھے ان میں سے 10 لاکھ روپے انہوں نے اپنی دوسری بیوی کو اپنے علاج کے لیے دے دیے تھے کہ یہ میرے علاج پر خرچ کرو۔ اور 5 لاکھ روپے والد پر قرض تھا ، وہ قرض ادا کیا تو اب بقیہ 27لاکھ روپے رہ گئے ہیں جوکہ والد صاحب کے اکاؤنٹ میں ہیں تو اس رقم کا کیا حکم ہے؟ والد صاحب کی دوسری بیوی کہتی ہیں کہ “آپ کے والد نے مرنے سے پہلے وصیت کی تھی اور کہا تھا کہ یہ 27 لاکھ روپے میرے مرنے کے بعد میری دوسری بیوی اور اس کی بیٹی کو دے دینا” اس بات کے گواہ میرا بڑا بھائی اور بھابھی ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہمارے سامنے والد نے یہ کہا تھا۔ پوچھنا یہ ہے کہ کیا بقیہ 27 لاکھ روپے تمام وارثوں میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوں گے یا وصیت کے مطابق دوسری بیوی اور اس کی بیٹی کے ہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں یہ رقم مرحوم کے تمام ورثاء میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوگی البتہ اگر تمام ورثاء یہ رقم مرحوم کی بیوی اور بیٹی کو دینے کی اجازت دے دیں اور وہ ورثاء عاقل، بالغ بھی ہوں تو یہ تمام رقم مرحوم کی دوسری بیوی اور بیٹی کو ملے گی اور اگر بعض ورثاء اجازت دے دیں تو جتنی رقم کی وہ اپنے حصے میں سے اجازت دیں اتنی رقم ان کے حصوں میں سے مرحوم کی دوسری بیوی اور بیٹی کو ملے گی۔
توجیہ: مذکورہ صورت وارث کے حق میں وصیت کی ہے اور اگر کوئی شخص اپنے کسی وارث کے لیے وصیت کرے تو وصیت لازم نہیں ہوتی بلکہ دیگر ورثا ء کی اجازت پر موقوف ہوتی ہے جو ورثاء اس وصیت کے نفاذ کی اجازت دے دیں ان کے حق میں وصیت نافذ ہو جاتی ہے اور جو ورثاء راضی نہ ہوں ان کے حق میں وصیت نافذ نہیں ہوتی بلکہ ان کو ان کا پورا حصہ ملتا ہے لہذا مذکورہ صورت میں تمام یا بعض ورثاء اجازت دے دیں اور وہ بالغ بھی ہوں تو ان کے حق میں یہ وصیت نافذ ہو جائے گی ورنہ نافذ نہ ہوگی اور باقی ترکہ کے ساتھ تمام ورثاء میں یہ رقم ان کے حصوں کے حساب سے تقسیم ہو گی۔
سنن ترمذی (4/433) میں ہے:
عن أبي أمامة الباهلي قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول في خطبته عام حجة الوداع: «إن الله تبارك وتعالى قد أعطى لكل ذي حق حقه، فلا وصية لوارث
السنن الکبریٰ (6/431) میں ہے:
عن ابن عباس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ” لا تجوز وصية لوارث، إلا أن يشاء الورثة “
ہندیہ (6/90) میں ہے:
ولا تجوز الوصية للوارث عندنا إلا أن يجيزها الورثة
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved