منفی ریویوز ختم کرنے پر اجرت لینا
- فتوی نمبر: 36-382
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: مالی معاملات > آن لائن کمائی > فیک ریٹنگ
استفتاء
میں آن لائن گوگل میپس اور گوگل بزنس پروفائل( Google Maps/Google Business Profile) کے منفی ریویوز ختم (ریموو) کروانے کا کام کرتا ہوں۔ یہ کام پوری دنیا میں ہوتا ہے اور مختلف ممالک کے مسلمان اور غیر مسلم افراد کے کاروبار بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔
ہر پروفائل پر آنے والے منفی ریویو کے بارے میں ہمیں عموماً یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ حقیقی ہے یا فیک ہے۔ بعض اوقات پروفائل کا مالک خود ہم سے رابطہ کرکے کہتا ہے کہ فلاں ریویو فیک ہے، کسی مخالف نے بغض یا دشمنی کی وجہ سے لگایا ہے، ریویو دینے والے نے اس کاروباری سے کوئی لین دین نہیں کیا، یا اس کا اس کاروبار سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ اس صورت میں ہم خود اس دعوے کی مکمل تحقیق نہیں کر سکتےکیا کلائنٹ کی بات پہ اعتماد کرکے ان ریویوز کو ریموو کرسکتے ہیں؟
اس صورت میں اگر ریویوحقیقی ہواور ہمیں اس کا علم نہ ہو، تو ایسی صورت میں ہماری ذمہ داری اور اجرت کا کیا حکم ہوگا؟
نیز اگر ہم صرف گوگل کے باقاعدہ رپورٹنگ سسٹم کے ذریعے ریویو رپورٹ کرتے ہیں کہ یہ ریویو فیک ہے ، جبکہ آخری فیصلہ گوگل خود کرتا ہے کہ ریویو پالیسی کے خلاف ہے یا نہیں؟ تو اس صورت میں ہماری سروس اور اس کی اجرت کا شرعی حکم کیا ہوگا؟چونکہ اس کام میں مسلمان اور غیر مسلم دونوں کے کاروبار شامل ہوتے ہیں، اس لیے مسلمان اور غیر مسلم کے کاروبار کے ریویو ز ریموو کروانے کی اجرت کا حکم بھی واضح فرما دیں۔برائے کرم واضح فرمائیے کن صورتوں میں ریموو کرسکتے ہیں اور کن صورتوں میں نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
جس منفی ریویو کے بارے میں آپ کو یقین یا ظن غالب ہو جائے کہ یہ مبنی بر حقیقت ہے، اسے ختم کرنے کے لیے گوگل کو رپورٹنگ(اطلاع) کرنا جائز نہیں ہے اور جس کے بارے میں علم نہیں اور کمپنی کا کہنا ہے کہ فیک (خلافِ حقیقت ) ہے یا اس کا فیک (خلاف حقیقت)ہونا آپ کو خود بھی پتہ چل جائے، اس کی رپورٹنگ (اطلاع) کرنا اور اس پر اجرت لینا جائز ہے نیز ریموو کروانے (تبصرہ ہٹانے) والا مسلمان ہو یا غیر مسلم دونوں صورتوں میں یہی حکم ہے کیونکہ اس میں عام لوگوں کو دھوکہ ہے۔ اور دھوکہ دینا غیر مسلم کو بھی جائز نہیں۔
توجیہ: آجکل لوگ آن لائن خرید وفروخت اور دوسرے معاملات کے لیے کسی بھی کمپنی سے معاملہ عموما اس کے ریویوز اور ریٹنگ دیکھ کر کرتے ہیں گویا یہ ریویو اس کمپنی کی ساکھ کے لیے آن لائن معاملات میں بنیاد سمجھا جاتا ہے حقیقت پر مبنی منفی ریویوز ریمو کرنے (ہٹانے) میں لوگوں کو دھوکہ دینا لازم آتا ہے لہذا ایسے ریویوز ختم کرنا اور اس میں ذریعہ بننا جائز نہیں اور چونکہ منفی ریویو دونوں طرح کے ہوتے ہیں یعنی حقیقت پر مبنی بھی اور فیک (خلاف حقیقت ) بھی لہذا اجرت پر انہیں ختم کرنے کے لیے ان کی حیثیت اعانت کے باب میں سلاح کی طرح بنے گی کہ جس کا عرف میں جائز اور ناجائز استعمال دونوں موجود ہیں اور اس کا حکم یہ ہے کہ جب تک ظن غالب نہ ہو کہ اگلا بندہ اس کا ناجائز استعمال کرے گا تو اسے بیچنا جائز ہے اسی طرح جب تک ظن غالب نہ ہو کہ اگلا بندہ جسے فیک(خلاف حقیقت ) کہہ رہا ہے وہ فیک(خلاف حقیقت ) نہیں ہے اسے ختم کرنا اور ختم کرنے کے لیے اس کی رپورٹ (اطلاع دینا) کرنا جائز ہوگا ۔
ہدایہ (4/ 378) میں ہے:
«قال: “ويكره بيع السلاح في أيام الفتنة” معناه ممن يعرف أنه من أهل الفتنة؛ لأنه تسبيب إلى المعصية وقد بيناه في السير، وإن كان لا يعرف أنه من أهل الفتنة لا بأس بذلك؛ لأنه يحتمل أن لا يستعمله في الفتنة فلا يكره بالشك»
درر الحكام شرح غرر الأحكام (1/ 306) میں ہے:
«كره بيع السلاح من أهل الفتنة) لأنه إعانة على المعصية (وإن لم يدر أنه منهم لا) أي لا يكره؛ لأن الأصل عدم الكراهة ولا صارف عنه»
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved