- فتوی نمبر: 37-136
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تحریری طلاق کا بیان
استفتاء
میرے دوست نے اپنی بیوی کو تین طلاق اسٹامپ پیپر پر دیدی تھیں، آج اس بات کو آٹھ ماہ گزر چکے ہیں، اور وہ دوبارہ نکاح کرنا چاہتے ہیں، اس میں شرعی احکامات سے مجھے آگاہ کردیں؟
وضاحت مطلوب ہے:1۔ دوست کا رابطہ نمبر ارسال کریں۔2۔ طلاقناموں کی تصویر ارسال کریں۔
جواب وضاحت: 1۔*****۔ دو طلاقنامے ساتھ لف ہیں، تیسرا طلاقنامہ مل نہیں رہا۔اس کے الفاظ بھی ان دو طلاقناموں کی طرح تھے اور اس کی تاریخ 8 یا 9 مئی 2025 تھی، نیز پہلے طلاقنامے کی تاریخ 2025-03-03 سے 2025-05-09 تک بیوی کو صرف ایک ماہواری آئی ہے۔
طلاقنامہ اول کی عبارت:
زید ولد خالد…… کا نکاح بمطابق شریعت محمدی ہمراہ مسماۃ زینب دختر بکر….. سے مؤرخہ 2020-03-27 کو سرانجام پایا …………مسماۃ مذکوریہ بارہا طلاق کا مطالبہ بھی کرتی ہے جس کی بناء پر فریقین کے اندر حدود اللہ بطور میاں بیوی نباہ ناممکن ہوچکا ہے لہٰذا من مظہر نے بقائمی ہوش وحواس خمسہ وثابت عقل بلا جبر واکراہ غیرے برضامندی خود اپنی مرضی سے روبرو گواہان زینب دختربکر کو طلاق اول بھیج رہا ہوں جوکہ بعد ازاں طلاق دوئم اور طلاق سوئم بھی بمطاق قانون ارسال کردی جائے گی۔مؤرخہ:2025-03-03
طلاقنامہ دوئم کی عبارت:
زید ولد خالد …… کا نکاح بمطابق شریعت محمدی ہمراہ مسماۃ زینب دختر بکر ….. سے مؤرخہ 2020-03-27 کو سرانجام پایا …………مسماۃ مذکوریہ بارہا طلاق کا مطالبہ بھی کرتی ہے جس کی بناء پر فریقین کے اندر حدود اللہ بطور میاں بیوی نباہ ناممکن ہوچکا ہے لہٰذا من مظہر نے بقائمی ہوش وحواس خمسہ وثابت عقل بلا جبر واکراہ غیرے برضامندی خود اپنی مرضی سے روبرو گواہان زینب دختر بکر کو طلاق دوئم بھیج رہا ہوں جوکہ مؤرخہ 2025-03-03 کو طلاق اول بذریعہ ڈاک ارسال کردی تھی، آج مؤرخہ 2025-04-07 کو طلاق دوئم ارسال کی جارہی ہے بعد ازاں طلاق سوئم بھی بمطابق قانون ارسال کردی جائے گی۔ مؤرخہ 2025-04-07
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں تینوں طلاقیں واقع ہو چکی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی ہے لہذا اب نہ رجوع ہو سکتا ہے نہ صلح کی گنجائش ہے۔
توجیہ: طلاق نامہ کی تحریر کتابت مستبینہ مرسومہ ہے جس کا حکم یہ ہے کہ شوہر کے ایسی تحریر لکھنے سے یا کسی دوسرے کی لکھی ہوئی تحریر پر شوہر کے دستخط کرنے سے طلاق واقع ہو جاتی ہے لہذا مذکورہ صورت میں جب شوہر نے پہلے نوٹس پر دستخط کیے تو نوٹس کے ان الفاظ سے کہ ” زینب دختربکر کو طلاق اول بھیج رہا ہوں” پہلی رجعی طلاق واقع ہو گئی پھر جب شوہر نے ایک مہینے کے بعد عدت کے اندر اندر دوسرے نوٹس پر دستخط کیے تو نوٹس کے ان الفاظ سے کہ” زینب دختر بکر کو طلاق دوئم بھیج رہا ہوں” دوسری رجعی طلاق واقع ہوگئی پھر جب شوہر نے ایک مہینے کے بعد عدت کے اندر اندر تیسرے نوٹس پر دستخط کیے تو چونکہ سائل کے بقول وہ طلاقنامہ بھی بعینہ ایسا ہی تھا لہٰذا تیسرے طلاقنامے سے تیسری طلاق واقع ہوگئی جس کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی۔
البحر الرائق (8/544) میں ہے:
ثم الكتاب على ثلاثة مراتب مستبين ومرسوم وهو أن يكون معنونا أي مصدر بالعنوان وهو أن يكتب في صدره من فلان بن فلان على ما جرت به العادة في سير الكتب فيكون هذا كالنطق فيلزم حجة ومستبين غير مرسوم كالكتابة على الجدران وأوراق الأشجار أو على الكاغد لا على وجه الرسم فإن هذا يكون لغوا؛ لأنه لا عرف في إظهار الأمر بهذا الطريق فلا يكون حجة إلا بانضمام شيء آخر إليه كالبينة والإشهاد عليه والإملاء على الغير حتى يكتبه؛ لأن الكتابة قد تكون تجربة وقد تكون للتحقيق وبهذه الإشارة تتبين الجهة وقيل الإملاء من غير إشهاد لا يكون حجة والأول أظهر وغير مستبين كالكتابة على الهواء أو الماء وهو بمنزلة كلام غير مسموع ولا يثبت به شيء من الأحكام وإن نوى،
شامی (3/280) میں ہے:
والصريح يلحق الصريح ما دامت في العدة، ولذا قيد بالمدخول بها لأن غيرها تبين بالمرة الأولى لا إلى عدة فلا يلحقها ما بعدها،
بدائع الصنائع (3/187) میں ہے:
وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: 230] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة؛
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved