- فتوی نمبر: 36-388
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: مالی معاملات > متفرقات مالی معاملات
استفتاء
ایک آدمی پولیس کی نوکری کرتا ہے اور نوویں ،دسویں محرم کو شیعوں کے امام بارگاہ یا جو شیعہ کی مجالس ہوتی ہیں وہاں اس کی ڈیوٹی ہوتی ہے تو سوال یہ ہے کہ کیا اس کے لیے یہ پہرہ کرنا جائز ہے اور اس کی تنخواہ کس زمرے میں آئے گی؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں پولیس والے کے لیے وہاں نوکری کرنا جائز ہے اور تنخواہ بھی حلال ہے۔
توجیہ: اس طرح کی جگہوں پر حکومت کی طرف سے پولیس والوں کو مقرر کرنے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ملک میں بدامنی کی صورت پیش نہ آئے اس لیے یہ خاص ان کی حفاظت اور اعانت علی المعصیت کی صورت نہ بنے گی اس لیے جائز ہوگی یعنی یہ محافظ بینک کے چوکیدار کی طرح حافظ المعصیت نہیں ہے بلکہ حافظ الامن ہے۔
احکام القرآن للجصاص (429) میں ہے:
{ولا تعاونوا على الأثم والعدوان} نهي عن معاونة غيرنا على معاصي الله تعالى
جدید فقہی مباحث (21/703) میں ہے
دیگر مذاہب کے مذہبی رسوم و اعمال میں شرکت کا حکم :
باہمی مذاکرات اور خوش گوار تعلقات نیز مذہبی تشدد اور منافرت کو دور کرنے کی غرض سے بھی دیگر اہل مذاہب کے مذہبی رسوم و اعمال میں انسانی خدمت اور بھائی چارہ کے پہلو سے شرکت کرنا از روئے شرع جائز نہ ہوگا البتہ وہ مسلمان جو پولس اور انتظامیہ میں ہیں اگر مذہبی تہوار کے موقع پر ان کی تعیناتی ہوتی ہے۔اور ان مواقع پر ان کی ڈیوٹی لگائی جاتی ہے تو پھر مجبوری کی صورت میں ان حضرات کیلئے ان خدمات کا انجام دینا اور حفاظت اور نگرانی کرنا جائز ہوگا البتہ یہ یاد رہے کہ یہ حضرات بھی صرف نگرانی اور حفاظت کی حد تک اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے ان مذہبی رسوم میں شرکت اور حاضری اور اس کی طرف میلان یہ کسی طرح جائز اور درست نہ ہوگا قرآن مجید صاف اعلان کرتا ہے۔ ولا تعاونوا على الاثم والعدوان لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved