• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

عورت کے دودھ کے ساتھ بازار کا دودھ فیڈر میں ملا کر پینے سے رضاعت کا حکم

استفتاء

میری بیٹی فاطمہ جس کی تاریخ پیدائش 2004-01-17 ہے ۔ اس کی شادی اس کے ماموں کے بیٹے زید سے طے ہوئی ہے لیکن کچھ عورتوں  کے  توجہ دلانے  سے یاد آیا  کہ جب  زید کی عمر 6 ماہ تھی  اور فاطمہ تقریبا دو سال کی تھی  ۔ فاطمہ نے زید کا فیڈر اٹھا کر منہ میں لگالیا تھا ۔ اس فیڈر میں زید کی ماں کا اور بازار کا دودھ مکس  تھا ۔ ابھی اس نے منہ سے لگایا ہی تھا کہ لائٹ چلی گئی اور فورا ً آ بھی گئی ۔  ہم نے فورا اس سے وہ فیڈر لے لیا ۔اب یہ معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ اس نے دودھ پیا ہے یا نہیں اور فیڈر میں موجود دودھ کی مقدار میں کوئی کمی  محسوس نہیں ہورہی تھی ۔ اس صورت میں کیا ان دونوں کا نکاح کیا جاسکتا ہے ؟

لڑکے کی والدہ کا بیان :

یہ واقعہ ایک مرتبہ ہی ہوا تھا ۔ میں نے اپنا اور بازاری دودھ فیڈر میں  مکس کیا ہوا تھا ۔ اور اچھی طرح یاد ہے کہ  میرا دودھ کم اور بازاری زیادہ تھا ۔بچی نے فیڈر منہ کو لگایا تھا لیکن اس کو پیتے ہوئے نہیں دیکھا  تھا  ۔ لائٹ چلی گئی  تھی اور پھر فورا ً آگئی تھی ۔ ہم نے اس سے فورا فیڈر لے لیا تھا ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں اگر واقعتا  ً      فیڈر میں عورت کا دودھ کم تھا اور بازاری دودھ زیادہ تھا  یا بچی کے دودھ پینے کا یقین یا غالب گمان کسی کو نہیں ہے  تو   فاطمہ اور زید کا آپس میں   نکاح  کرنا جائز ہے ۔اور اگر عورت کے دودھ اور بازار کے دودھ  کے برابر ہونے میں  شک ہو اور بچی کے دودھ پینے کا بھی شک ہو تو پھر نکاح کرنے میں احتیاط کی جائے ۔

توجیہ : مذکورہ صورت میں چونکہ  فیڈر میں عورت  کا دودھ اور بازار سے لایا  گیا دودھ  دونوں موجود تھے اس لیے  اگر بازار کا دودھ زیادہ ہو تو غالب کا اعتبار کرتے ہوئے یوں سمجھا جائے گا کہ بچی نے صرف بازار کا دودھ ہی پیا ہے ۔اور اگر بازار کے دودھ کا زیادہ ہونا یقینا ً معلوم نہ ہو تو اس   صورت میں عورت کا دودھ بازار کے دودھ کے برابر ہوگا یا اس سے زیادہ ہوگا اور ان دونوں صورتوں میں  دودھ پینے سے رضاعت ثابت ہوجاتی ہے اور سب رشتے حرام ہوجاتے ہیں  لہٰذا اس صورت میں نکاح کرنے میں احتیاط کی جائے ۔ نیز  حرمت رضاعت  کے  ثبوت لیے اس بات کا یقین يا غالب  گمان ہونا بھی ضروری ہے کہ بچی نے واقعی دودھ پی لیا تھا   اور دودھ اس کے پیٹ میں چلا گیا تھا۔ لہذا اگر یہ بات کہ بچی نے ددوھ نہیں پیا تھا  یقین یا گمان غالب کے درجہ میں معلوم نہ ہو تب بھی اس نکاح میں احتیاط کی جائے ۔

فتاوی  عالمگیری (1/344)میں ہے  :

ولو خلط لبن المرأة بالماء أو بالدواء أو بلبن البهيمة فالعبرة للغالب كذا في الظهيرية. وكذا بكل مائع أو جامد كذا في النهر الفائق.

المرأة إذا جعلت ثديها في فم الصبي ولا تعرف أمص اللبن أم لا ففي القضاء لا تثبت الحرمة بالشك وفي ‌الاحتياط ‌تثبت

امداد الفتاویٰ  جدید (5/99) میں ہے:

سوال:  بچہ پیدا ہونے کے بعد اگر کسی عورت کا دو تین قطرے دودھ لیکر اُس کے منہ و حلق میں لگا دیا جاوے تو اس سے رضاعت کے بارے  میں کیا حکم ہے؟

الجواب:  في الدر المختار: فلو التقم الحلمة ولم یدر أدخل اللبن في حلقه أم لا لم یحرم لأن في المانع شکا. في رد المحتار عن الفتح:  لو أدخلت الحلمة في في الصبی وشکت في الارتضاع لا تثبت الحرمة بالشك.

اس روایت سے معلوم ہوا کہ ثبوت حرمت کے لئے شرط یہ ہے کہ جوف تک پہنچنا متقین ہو پس اگر صورت مسئولہ میں یہ و صول یقینی ہو اگر چہ قلیل ہی کا ہو تو حرمت ثابت ہوگی ورنہ شک میں حرمت نہ ہوگی۔

مسائل بہشتی زیور(2/93) میں ہے:

مسئلہ: عورت کا دودھ بکری یا گائے کے دودھ میں مل گیا اور بچے نے پی لیا تو دیکھو زیادہ کون سا ہے۔ اگر عورت کا دودھ زیادہ ہو یا دونوں برابر ہوں تو سب رشتے حرام ہوگئے اور جس عورت کا دودھ ہے یہ بچہ اس کی رضاعی اولاد بن گیا اور اگر بکری یا گائے کا دودھ زیادہ ہے تو عورت کے دودھ کا کچھ اعتبار نہیں ہو گا ایسا سمجھیں گے کہ گویا اس نے پیا ہی نہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved