- فتوی نمبر: 27-67
- تاریخ: 24 فروری 2022
- عنوانات: خاندانی معاملات > منتقل شدہ فی خاندانی معاملات
استفتاء
ہمارا تعلق سیالکوٹ کینٹ سے ہےاور ہمارے قریب عیدگاہ ہے جہاں عیدین کے علاوہ نمازِ جنازہ بھی اداء کی جاتی ہے اور یہ جگہ کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ کی عطاء کردہ ہے۔اہلِ علاقہ کی مشاورت سے ہم نے ضرورت محسوس کی کہ یہاں پانچ وقتی نماز اداء کریں لہذا کچھ جگہ جناز گاہ سے مختص کرکے عرصہ دو سال سے وہاں باجماعت پانچ وقت کی نمازیں اداء کی جارہی ہیں اور آئندہ جمعہ کے آغاز کا بھی ارادہ ہے۔
پوچھنا یہ ہےکہ (1) یہ نمازیں اداء کرنا درست ہے کہ نہیں؟(2) اور نمازِ جمعہ اداء کرنا بھی درست ہوگا یا نہیں؟(3)نیز اس کو شرعی مسجد قرار دینا چاہیں تو اس کے لئے کن تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔یہ سب باتیں پوچھنے کی نوبت اس لئے آئی کہ کسی نے ہمیں کہا ہے کہ آپ دو سال کی نمازیں دہرائیں وہ اداء نہیں ہوئیں۔
تنقیح: 1۔یہ جگہ کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ نے عیدگاہ کے لئے دی ہےاور عیدگاہ کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔
2۔یہ مصلٰی ہے باقاعدہ مسجد نہیں ہے۔
3۔ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر قریب میں شرعی مسجد موجود ہےلیکن دوکاندار حضرات چاہتے ہیں کہ ہم یہاں قریب ہی میں جماعت سے نماز پڑھ کر دوبارہ اپنے کام پر آجائیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
- مذکورہ صورت میں اس جگہ میں نماز اداء کرنے سے نماز ہوجائے گی اور مسجدِ شرعی میں جانا مشکل ہو تو مسجد کا ثواب بھی ملے گا۔اور اگر مسجدِ شرعی میں کوئی آسانی سے نماز پڑھنے جاسکتا ہو تو شرعی مسجد والا ثواب نہیں ملے گا ۔
- جمعہ کی نماز یہاں شروع نہ کرائی جائےبلکہ اس کے لئے مسجدِ شرعی جانا چاہئے۔
- اس جگہ میں متعلقہ محکمے کی اجازت کے بغیرعیدگاہ کے علاوہ نہ تو مسجدِ شرعی بنانا درست ہے اور نہ ہی کسی اور مقصد کے لئےاس جگہ کو استعمال کرنا درست ہے۔
حاشیہ ابن عابدین(6/526،664۔مکتبہ رشیدیہ)میں ہے:
"قولهم: شرط الواقف كنص الشارع أي في المفهوم و الدلالة، و وجوب العمل به”.
وفى موضع آخر: فإن شرائط الواقف معتبرة إذا لم تخالف الشرع وهو مالك فله أن يجعل ماله حيث شاء ما لم يكن معصية وله أن يخص صنفا من الفقراء .
کفایت المفتی (113/7)میں ہے:
عید گاہ میں نماز پنج وقتہ باجماعت ادا کرنی جائز ہے۔ عید گاہ کو واقف کی منشاء سے عید گاہ کی صورت میں ہی رکھنا چاہیے اور بغیر کسی مجبوری اور اشد ضرورت کے اس کو تبدیل نہ کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved