• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر

عدت کے دوران کا خرچہ، زچگی پر ہونے والے اخراجات، بچے کے پرورش کے اخراجات، شادی کے موقع پر دیے گئے تحفے تحائف کا حکم

استفتاء

صورت واقعہ: میرے شوہر سات سال پہلے وفات پا گئے اور میرے پانچ بچے ہیں۔ میری بڑی بیٹی کی شادی ڈیڑھ سال پہلے ہوئی۔ وہ تین ماہ کی حاملہ تھی تب اس کا شوہر اسے ڈاکٹر کی تاکید پر آرام کی غرض سے دو ہفتے کے لیے میرے گھر چھوڑ گیا۔ میں نے اپنی بیٹی کو مکمل آرام اور احتیاط کرائی اور علاج معالجہ بھی کرایا۔ اس دوران میرے داماد کا میری بیٹی سے فون پر کسی معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا اور وہ ان دو ہفتوں میں اپنی بیوی سے ملنے ہمارے گھر نہ آیا۔ پھر دو ہفتوں بعد اپنی بہن اور بہنوئی کے ہمراہ ہمارے گھر آکر میری بیٹی کو تین بار طلاق کہہ گیا۔اس کے بعد میں نے اپنے تمام رشتہ داروں کو اور لڑکے والوں کو بیچ میں ڈال کر مصالحت کرانے کی ہر ممکن کوششیں کیں، پر لڑکا اور اس کی ماں مصالحت پر نہ مانے اور کہا کہ آپ کی بیٹی میرے بیٹے کے دل سے اتر گئی ہے اور آج سے آپ پر اور آپ کی بیٹی پر ہمارے گھر کے دروازے بند ہو گئے۔ اب میری بیٹی سات ماہ کی حاملہ ہے، مجھے اس سلسلے میں مندرجہ ذیل باتوں کے لیے آپ سے شرع کی روشنی میں رہنمائی چاہیے بالخصوص سوال نمبر 4 کے لیے:

1۔ طلاق اگر دوران حمل دی جائے تو عدت کے دنوں کا لڑکی کا خرچہ کیا شوہر پر واجب الاداء ہے؟

2۔ زچگی پر ہونے والے اخراجات اور میڈیکل اخراجات کیا شوہر پر واجب الاداء ہیں؟

3۔ بچے کی پیدائش کے بعد بچے کی تمام ضروریات اخراجات کیا شوہر پر واجب الاداء ہیں؟

4۔ شادی کے وقت شوہر نے جو تحفے تحائف بیوی کو دیے، اور شادی کے بعد جو تحائف بیوی کو دیے کیا وہ شرعاً ان تحائف کو بیوی سے واپس لینے کا مجاز ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

طلاق دوران حمل دی جائے یا عام دنوں میں دی جائے بہر صورت :

1۔ عدت کا خرچہ شوہر کے ذمے ہے۔

2۔ اگر شوہر نے بیوی کو بچے کی ڈیلیوری کے لیے ہسپتال جانے کا کہا ہو تو اخراجات شوہر کے ذمے ہوں گے ورنہ عورت خود برداشت کرے گی۔

3۔ بچے کی پیدائش کے بعد بچے کے ضروری اخراجات شوہر کے ذمے ہوں گے۔

4۔ شادی کے وقت یا شادی کے بعد جو تحفے تحائف شوہر نے بیوی کو دیے ان سے کیا کیا چیزیں  مراد ہیں؟ نیز ان چیزوں کے

دیتے وقت شوہر نے کچھ وضاحت کی تھی کہ یہ چیزیں بطور تحفہ کے ہیں یا کچھ وضاحت نہیں کی تھی؟ اگر وضاحت نہیں کی تھی تو لڑکا یا اس کے گھر والے ان چیزوں کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ یا ان کے ہاں ایسی چیزوں کو کیا سمجھا جاتا ہے؟

ان تمام امور کی وضاحت کے بعد نمبر 4 کا جواب دیا جا سکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved