• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

جرگہ والوں کا منگنی توڑنے پر بطور توہین لڑکے والوں کے ذمے لڑکی والوں کو دو مرلہ زمین دینے کا حکم دینا

استفتاء

زیدنے اپنے بیٹے (خالد) کے لیے  بکرکے گھر رشتہ طے کیا، منگنی ہوگئی، سال بعد خالد نے رشتہ سے انکار کردیا ، جرگہ  نے طے کیا کہ دو مرلہ زمین لڑکی والوں کو بطور  توہین ادا کی جائے کیونکہ جواب، انکار سے لڑکی والوں کی توہین اور عزت خراب ومتاثر ہوئی ہے اور یہی بات طے پاکر جرگہ رخصت ہوا۔

یاد رہے کہ نکاح نہیں ہوا تھا، صرف منگنی ہوئی تھی  اورزید اور بکر دونوں بھائی ہیں۔ اب اس اراضی کا شرعی حکم کیا ہے؟

تنقیح: سائل اس علاقے کا بااثر شخص ہے اور اس کے مطابق اگر یہ گناہ ہے تو اس کو ختم کرنے کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں جرگہ والوں کا لڑکے والوں پر زمین کا تاوان ڈالنا جائز نہیں ہے کیونکہ یہ تعزیر بالمال ہے تاہم منگنی  چونکہ ایک وعدہ ہے لہٰذا اگر کسی شرعی عذر کے بغیر یہ وعدہ توڑا ہے تو وعدہ توڑنے والا گنہگار ہوگا۔

مرقاۃ المفاتیح (7/3059) میں ہے:

وعن زيد بن أرقم رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: ” «إذا وعد الرجل أخاه ومن نيته أن يفي له، فلم يف ولم يجئ للميعاد، فلا إثم عليه» ” رواه أبو داود، والترمذي.

ومفهومه أن من وعد وليس من نيته أن يفي، فعليه الإثم سواء وفى به أو لم يف، فإنه من أخلاق المنافقين،

مشکاۃ المصابیح (2/889) میں ہے:

وعن أبي حرة الرقاشي عن عمه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «ألا  لا تظلموا ألا لا يحل مال امرئ إلا بطيب نفس منه» . رواه البيهقي في شعب الإيمان والدارقطني في المجتبى

شامی (4/61) میں ہے:

مطلب في التعزير بأخذ المال (قوله لا بأخذ مال في المذهب) قال في الفتح: وعن أبي يوسف يجوز التعزير للسلطان بأخذ المال. وعندهما وباقي الأئمة لا يجوز. اهـ. ومثله في المعراج، وظاهره أن ذلك رواية ضعيفة عن أبي يوسف. قال في الشرنبلالية: ولا يفتى بهذا لما فيه من تسليط الظلمة على أخذ مال الناس فيأكلونه اهـ ومثله في شرح الوهبانية عن ابن وهبان (قوله وفيه إلخ) أي في البحر، حيث قال: وأفاد في البزازية أن معنى التعزير بأخذ المال على القول به إمساك شيء من ماله عنه مدة لينزجر ثم يعيده الحاكم إليه، لا أن يأخذه الحاكم لنفسه أو لبيت المال كما يتوهمه الظلمة إذ لا يجوز لأحد من المسلمين أخذ مال أحد بغير سبب شرعي.

​فتویٰ محمودیہ(11/159)  میں ہے:

منگنی ایک وعدہ ہے، بلاوجہ وعدہ خلافی کرنا شرعاً بہت برا ہے، والخلف فی الوعد حرام کوئی واقعی عذر ہو تو منگنی کو توڑنا درست ہے۔

آپ کے مسائل اور ان کا حل (5/33) میں ہے:

سوال: رشتہ یا منگنی طے ہو جانے کے بعد کسی شرعی عذر کے بغیر منسوخ کرنا یا توڑ دینا شرعی طور پر جائز ہے یا نہیں؟

جواب: منگنی وعدہ نکاح کا نام ہے اور بغیر عذر کے وعدہ پورا نہ کرنا گناہ ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو منافق کی علامتوں میں شمار فرمایا ہے۔ ہاں، اگر اس وعدے کے پورا کرنے میں کسی معقول مضرت کے لاحق ہونے کا اندیشہ ہو تو شاید اللہ تعالیٰ مواخذہ نہ فرمائیں۔

​فتویٰ عثمانی(2/230)  میں ہے:

نکاح کا رشتہ دے دینا ، نکاح کا وعدہ ہے اور وعدے کی خلاف ورزی بغیر شدید عذر کے ناجائز ہے، البتہ شدید عذر کی صورت میں گنجائش ہے۔

​فتویٰ محمودیہ(14/142) میں ہے:

سوال: قومی پنچایت میں یہ قانون سرپنچ اور دیگر اشخاص نے مقرر کیا کہ جس شخص سے کوئی خطا سرزد ہو تو اس کی سزا روپیہ کا جرمانہ ہوگی، لہٰذا یہ جرمانہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟

الجواب: مال کا جرمانہ ناجائز ہے، احکامِ شریعت کی پابندی کے لیے کوئی دوسری سزا ترک تعلقات وغیرہ  کی دی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved