• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

مغصوبہ چیز استعمال کرکے کمائی کا حکم

استفتاء

کیا فرماتے ہیں مفتیان  کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ دو ساتھی ایک ہی کمپنی میں کام کرتے ہیں ایک کلینر کا کام کرتا ہے اور دوسرا مستری کا،جو مستری کا کام کرتا ہے وہ باہر ایک کام ٹھیکہ پر لیتا ہے یعنی ٹائلز لگانی تھی،مستری اپنے ساتھ ہیلپر کے طور پر کلینرکو ساتھ لیجاتا ہے ۔ٹائلز، ریت، سیمنٹ وغیرہ جس کا کام کرنے جاتے ہیں اس کا  ہوتا ہے لیکن سامان وہ   مستری کمپنی کا استعمال کرتا ہے۔جیسے بیلچہ ،کرنڈی  ،گرینڈر  ،یعنی  مستری کے زیر استعمال جو سامان ہوتا ہے وہ سب کا سب کمپنی کا ہوتا  ہے اور کمپنی کو اس   کاعلم نہیں،کمپنی کا سامان استعمال کرنے میں ہیلپر  کا کوئی تعاون نہیں ہے۔ اب پوچھنا یہ ہے کے ہیلپر کیلیے اس مزدوری کے پیسے کا استعمال جائز ہے یا نہیں؟

وضاحت مطلوب ہے کہ: کیا کمپنی کی طرف سے ہیلپر یا مستری کے لیے دوسری جگہ مزدوری کرنے کی اجازت ہوتی ہے ؟

جواب وضاحت : نہیں

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

کمپنی کی طرف سے اگر اجازت نہیں ہے تو اس کا سامان کسی دوسرے کام میں استعمال کرنا سخت گناہ کی بات ہے جس میں مستری اور ہیلپر دونوں شریک ہوں گے ،البتہ مذکورہ  صورت میں چونکہ وہ سامان صرف  بطور آلہ کے استعمال ہوتا ہے اس لیے حاصل شدہ مزدوری مستری اور ہیلپر دونوں کیلیے  حلال ہوگی۔

فتاوی عالمگیری (5/119)میں ہے:

أما تفسيره شرعا فهو أخذ مال متقوم محترم بغير ‌إذن المالك على وجه يزيل يد المالك إن كان في يده أو يقصر يده إن لم يكن في يده كذا في المحيط

فتاوی عالمگیری(8/346)میں ہے:

غصب ‌حانوتا واتجر فيه وربح يطيب الربح كذا في الوجيز للكردري۔

امداد الفتاوی (524/3)میں ہے:

سوال:   اگر چند شریک زراعت کریں ، ان میں سے بعض کے بیل بقیمت حلال خرید کئے ہوں ، اور بعض کے بقیمت حرام ، تو جس کا بیل حلال قیمت سے ہے اس کی شرکت کرنا جائز ہے یا نہیں ؟ یعنی غلّہ مشترک جو کہ زراعت سے حاصل ہوا ہے تقسیم کے بعد حلال ہوگا یا حرام؟

الجواب:  اگر بیل حرام مال کے بھی ہوں ، مگر چونکہ وہ پیداوار کا آلہ ہے جزو نہیں ہے اس لئے پیداوار میں حرمت نہ آوے گی، اور غلّہ مشترک حلال ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved