- فتوی نمبر: 37-117
- تاریخ: 10 نومبر 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > عملیات، تعویذات اور جادو و جنات
استفتاء
جادو جنات ،سحر ، بندش کا علم کالی نظر کا لےجذبے، کالے لوگ، کالی رات، سخت ترین بندش ناکامیاں، مشکلات،لوگوں کی طرف سے مسلسل تکالیف ، بے اولادی کا روگ ، دکھ اور غم ، مقدمات ، اولاد آنکھوں کی ٹھنڈک نہیں۔ بڑا گھر ،بڑی سواری پائیں، خوشحال زندگی گزاریں، جادو جنات اور ہر وار کو اپنی آنکھوں سے پلٹا دیکھیں ۔ مقدر کے سکند ر، دولت کے دھنی نسلیں کبھی خالی ہاتھ نہ ہوں ہر وار خطاء،ہرمنزل آسمان، مشکلات کبھی قریب نہ آئیں دل کی جو بھی مراد ہو پوری ہواورایسی پوری ہو کہ موت سے پہلے آنکھیں ٹھنڈی ہوں۔ صرف یہ نہیں اور اس کے علاوہ بہت اتنا اتنا کہ گمان، خیال احساس اور سوچوں سے زیادہ ۔ تقدیر کا لکھا بدل جاتا ہے حالات سنور جاتے ہیں، بد حالی کے نقشے بدلتے آنکھوں سے دیکھیئے ناکامیاں کوسوں دور ، ذلتیں ختم، نا مرادیاں، ناکامیاں آنسو، آہیں اور بے بسی ان شاء اللہ سب ختم
ترکیب : دیئے گئے نقش کو دیکھ کر لکھنا ہے ا گر زیر زبر نہ لگائیں تو کوئی حرج نہیں، زعفران ، زردے کا رنگ یا کسی گھلنے والی سیاہی سےلکھیں ، ہر اسلامی مہینے کی بائیس تاریخ کو فجر سے مغرب کے درمیان کسی بھی وقت کسی بھی حالت میں لکھیں پھر اس نقش کو اتنے پانی میں گھولیں جس سے تین پیڑے آٹا گوندھا جاسکے۔ پھر اس پانی سے تین پیڑوں کا آٹا گوندھیں اور ان کی چھوٹی بڑی گولیاں بنا کر ڈال دیں۔ نقش والا پانی پینا نہیں، صرف آٹا گوندھنا ہے بچا ہوا پانی پرندوں کو ڈال دیں اور لکھا ہوا نقش کا کاغذ مٹی میں دفن کر دیں۔
1۔نقش کی زیر زبر نہ بھی لکھیں تو کوئی حرج نہیں۔
2۔ ہر ماہ اسلامی مہینے کی بائیس تاریخ کو صبح سے شام تک نقش لکھ سکتے ہیں۔
3۔گھر کا ہر فرد یہ نقش اپنی طرف سے لکھے یا گھر کا ایک فرد سب گھر والوں کی طرف سے۔
4۔ گھرکا ہر فرد اگر لکھے تو اپنا آٹا اور عمل پورا کرے ۔
5۔ آٹا گوندھتے ہوئے اول و آخر تین مرتبہ درود شریف اور تین مرتبہ سورہ فاتحہ اور تین مرتبہ سورہ اخلاص حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو ہدیہ لازم کریں۔
6۔ آٹے کی ہر گولی بناتے ہوئے” بحق ابو بکر ” لازم پڑھیں ۔
7 ۔یہ عمل مردو خواتین ہر حالت میں کر سکتے ہیں ۔
8 ۔ یہ آٹا گولیاں دریا ،سمندر ، نہر، جھیل، چھت، قبرستان صاف جگہ میں بھی ڈال سکتے ہیں۔
9۔ اس عمل کی اجازت عام ہے کسی اورکو بھی بتا سکتے ہیں ۔
10۔اس نقش کی فوٹو کاپی کروا نا سختی سے منع ہے نقش لازم لکھنا ہے فوٹو کاپی کا فائدہ نہیں سخت نقصان ہوگا۔
11۔نقش ایک سے زیادہ لکھ سکتے ہیں ہر مہینے ایک نقش لیں اور عمل کریں نقش کوئی اور لکھے عمل کوئی اور کرنے مجبوری میں ایسا ممکن ہے۔
حضرت ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وصال کے حوالے سے 22 جمادیٰ الثانی 2023ء کو تسبیح خانہ لاہور میں تقسیم کیا گیا ” نقش یارِ غار، یارِ مزار”

یہ وظیفہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ وظیفہ جائز نہیں ہے ۔
توجیہ: مذکورہ وظیفہ درج ذیل شرعی خرابیوں پر مشتمل ہے:
اولا ً مذکورہ وظیفہ میں ایسے الفاظ ہیں جن کا معنی معلوم نہیں ہے جیسے “ہلنوقد، ہتایر”اور جن الفاظ کا معنی معلوم نہ ہو ان کا وظیفہ و تعویذ جائز نہیں ۔( دیکھئے حوالہ :1)
ثانیا ًاس وظیفہ کے الفاظ میں خطاب کے صیغے ” یا” کے ساتھ نداء للغائب ہے جیسے ” یا خدام ہذہ الحرف الشریف”اسی طرح عوام کے لیے حضرت ابوبکر ؓسے استعانت کا شبہ اور ایہام بھی ہے جبکہ غائب کا نداء سننا اور وفات کے بعد کسی کی مدد کرنا ظاہری اسباب کے خلاف ہے اور جو چیز ظاہری اسباب کے خلاف ہو اس کے دواماً ثبوت کا عقیدہ نص پر موقوف ہوتا ہے اور اس بارے میں نص موجود نہیں ہے اور اگر حضرت ابوبکرؓ اور ان حروف کے خدام کے سننے کا ثبوت کرامتاً مانا جائے تو اس کا ہر کسی کے حق میں دواماً ہونا لازم نہیں لہذا بغیر نص کے غائب کے سننے اور مدد کرنے کا اعتقاد شرکیہ کاموں میں سے ہونے کی وجہ سے جائز نہیں ۔ (دیکھئے حوالہ :2)
ثالثاً مذکورہ تعویذ کے جس خانے میں حضرت ابوبکر ؓ کے لیے مختلف القاب ذکر کیے ہیں جیسے ” رفیق الرسول ، بن قحافہ ، صائم ابوبکر وغیرہ” وہیں کچھ القاب موہم شرک ہیں “زندہ، حاضر” وغیرہ جس وظیفہ و تعویذ میں شرکیہ الفاظ ہوں وہ جائز نہیں ہوتا۔(دیکھئے حوالہ نمبر :3)
رابعاً سوال کے مطابق مذکورہ وظیفہ ان سب چیزوں کے لیے مفید ہے۔
“جادو جنات، سحر، بندش کا علم ، کالی نظر کالے جذبے،سخت ترین بندش ناکامیاں،مشکلات، لوگوں کی طرف سے مسلسل تکالیف، بے اولادی کا روگ ، دکھ اور غم، مقدمات، اولاد آنکھوں کی ٹھنڈک نہیں ، بڑا گھر ، بڑی سواری ، خوش حال زندگی، مقدر کے سکندر، دولت کی دھنی نسلیں کبھی خالی ہاتھ نہ ہوں ، ہر وار خطاء، ہر منزل آسان ، مشکلات کبھی قریب نہ آئیں ، دل کی جو بھی مراد ہو پوری ہو ، حالات سنور جاتے ہیں ، بد حالی کے نقشے بدلتے آنکھوں سے دیکھئے ، ناکامیاں کوسوں دور ذلتیں ختم، نامرادیاں، ناکامیاں، آنسو،آہیں، اور بے بسی ان شاء اللہ سب ختم ۔ صرف یہ نہیں اور اس کے علاوہ اور بہت اتنا اتنا کہ گمان و خیال احساس اور سوچوں سے زیادہ ۔ ”
مذکورہ وظیفہ کے اثر کا ان سب منافع کے حصول میں اور ان پریشانیوں کو دور کرنے کی صورت میں ظاہر ہونا نہ تو قرآن و حدیث میں ذکر ہے اور نہ کسی معتبر عالم کے تجربہ سے ثابت ہے لہذا اس کے باوجود اس وظیفہ کو ان سب چیزوں کے لیے مؤثر سمجھنا نص قرآنی “لا تقف ما لیس لک به علم” کے تحت داخل ہوکر منہی عنہ اور ناجائز ہے ۔(دیکھئے حوالہ نمبر:4)
خامساً اس میں بہت سی تخصیصات ہیں جیسے ہراسلامی ماہ کی بائیس تاریخ کی تخصیص، صبح سے مغرب تک کی تخصیص، زعفران، زردے کا رنگ یا کسی گھلنے والی سیاہی سے لکھنے کی تخصیص،تین پیڑوں کا آٹا گوندنے کی تخصیص ، آٹے کی چھوٹی چھوٹی گولیاں بنانے کی تخصیص ۔ ان تخصیصات کو اگر ایسا سمجھا جائے جیسے خاص فصل کے لیے خاص موسم مفید ہوتا ہے تو اس کی گنجائش ہے لیکن ان تخصیصات کو ان کے درجے سے بڑھانا اور مؤثر سمجھنا جائز نہیں ہے جبکہ عوام عموماً اور عاملین خصوصاً ان تخصیصات کو جلب منفعت اور دفع مضرت میں کسی نہ کسی درجہ میں مؤثر مانتے ہیں جبکہ ان میں سے کسی بھی تخصیص کا مؤثر ہونا کسی معتبر دلیل سے ثابت نہیں ہے لہذا یہ تخصیصات “لا تقف ما لیس لک به علم ” کے تحت داخل ہوکر منہی عنہ اور ناجائز ہیں۔ (دیکھئے حوالہ : 5)
سادسا:مذکورہ وظیفہ میں آٹے کی ہر گولی بناتے ہوئے”بحق ابوبکر” پڑھنے کو لازم قرار دیا گیا ہے جبکہ “بحق”کے ذریعے سے دعا مانگنے میں اہل تشیع کے ساتھ مشابہت لازم آتی ہے لہذا اس سے بچنا چاہیے۔(دیکھئے حوالہ :6)
1۔مرقاۃ المفاتیح (رقم الحدیث: 4553) میں ہے:
وأما ما كان من الآيات القرآنية، والأسماء والصفات الربانية، والدعوات المأثورة النبوية، فلا بأس، بل يستحب سواء كان تعويذا أو رقية أو نشرة، وأما على لغة العبرانية ونحوها، فيمتنع لاحتمال الشرك فيها
ردالمحتار(9/600)میں ہے:
ولا بأس بالمعاذات إذا كتب فيها القرآن أو اسماء الله تعالى……… قالوا: وإنما تكره العوذة إذا كانت بغير لسان العرب، ولا يدرى ما هو ولعله يدخله سحر أو كفر أو غير ذلك، وأما ما كان من القرآن أو شيء من الدعوات فلا بأس به.
عملیات وتعویذات کے شرعی احکام(92) میں ہے:
بعض الفاظ جن کے معنیٰ معلوم نہ ہوں یا ایسا نقش جس میں ہندسے لکھے ہوں لیکن یہ معلوم نہ ہو کہ کس چیز کے ہندسے ہیں ایسے نقش وتعویذ کا استعمال ناجائز ہے (إنما تكره العوذة إذا كانت بغير لسان العرب، ولا يدرى ما هو ولعله يدخله سحر أو كفر أو غير ذالك، وأما ما كان من القرآن أو شيء من الدعوات فلا بأس به.ردالمحتار قبیل فصل النظر والمس)
جیسا کہ اکثر تعویذ لکھنے والوں کا آج کل یہی حال ہے کہ اس نقش کی حقیقت بھی معلوم نہیں ہوتی ویسے ہی کسی کی تقلید سے یا کسی کتاب و بیاض وغیرہ سے نقل کر کے لکھ دیتے ہیں البتہ جو(عملیات) منصوص ہوں وہ اس سے مستثنیٰ ہیں اگرچہ ان کے معنی معلوم نہ ہوں۔
امداد الفتاویٰ(4/89)میں ہے:
سوال: یا بدوح کے متعلق بعض سریانی زبان میں باری تعالیٰ کانام بتلاتے ہیں اور بعض مؤکل کانام کہتے ہیں اور ’’یا ‘‘ کے ساتھ پڑھانے کو بھی منع کرتے ہیں، اس کی تحقیق جو حضرت کو ہو اس سے مطلع فرمایا جاوے؟
جواب: مجھ کو کچھ تحقیق نہیں اور بدون تحقیق اس کے پڑھنے کو جائز نہیں سمجھتا۔
خیر الفتاویٰ (1/342) میں ہے:
غیر معلوم المعنیٰ وظیفہ پڑھنے کا حکم
سوال: دنیا میں بہت سے منتر اور عزیمتیں اور قرآنی آیات وتعویذات مطلب برآری کے لیے استعمال کئے جاتے ہیں۔ بعض وہ ہیں جو سمجھ میں نہیں آتے اور بعض آتے ہیں اور مختلف زبانوں میں یہ منتر ہوتے ہیں بعض اوقات غیر خدا کو پکارا جاتا ہے اور مطلب میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ یہ کام کس حد تک جائز ہے۔ جس کی مثال پیش خدمت ہے يا شمكا شاله يا طامى طاله طامى حق طمطى طمطى يا طالى الخ یہ ایک لمبا عمل ہمزاد تابع کرنے کا ہے ۔بتی میں تعویذ ہوتا ہے اور بتی کی لو پر نگاہ رکھنی پڑتی ہے یہ عمل جائز ہے یا نہیں ؟
جواب: مذکورہ عمل پڑھنا جائز نہیں۔
کفایت المفتی (9/78) میں ہے:
عملیات جبکہ جائز طریقے سے کیے جائیں ان کا کرنا جائز ہے ضروری ہے کہ ان میں غیر اللہ سے استمداد اور غیر معلوم المعنی الفاظ اور غیر اللہ کے لیے نذروبھینٹ نہ ہو۔
2۔امدادالفتاوی (5/369) میں ہے:
الجواب : جو استعانت و استمد اد بالمخلوق با عتقاد علم و قدرت مستقل مستمد منہ ہو شرک ہے۔ اور جو باعتقاد علم و قدرت غیر مستقل ہو مگر وہ علم و قدرت کسی دلیل صحیح سے ثابت نہ ہو معصیت ہے، اور جو با اعتقاد علم و قدرت غیر مستقل ہو اور وہ علم و قدرت کسی دلیل سے ثابت ہو جائز ہے، خواہ وہ مستمدمنہ حی ہو یا میت اور جو استمداد بلا اعتقاد علم و قدرت ہو نہ مستقل نہ غیر مستقل، پس اگر طریق استمد اد مفید ہو تب بھی جائز ہے جیسے استمداد بالنار والماء والواقعات التاریخیہ ، ورنہ لغو ہے۔
امدادالفتاوی (5/86) میں ہے:
اور بعض کا یہ عقیدہ ہوتا ہے کہ ایسی قدرت مستقلہ تو کسی مخلوق میں نہیں مگر بعض مخلوق کو قرب وقبول کا ایسا درجہ عطا ہوتا ہے کہ یہ اپنے متوسلین کے لئے سفارش کرتے ہیں پھر اس سفارش کے بعد بھی ان کو نفع وضرر کا اختیار نہیں دیا جاتا؛ بلکہ حق تعالیٰ ہی نفع وضرر پہنچاتے؛ لیکن اس سفارش کے قبول میں تخلف کبھی نہیں ہوتا اور اس سفارش کی تحصیل کے لئے اس کے ساتھ بلاواسطہ یا بواسطہ معاملہ مشابہ عبادت کرتے ہیں یہ عقیدہ اعتقاد تاثیر نہیں ہے؛ لیکن بلا دلیل شرعی بلکہ خلاف دلیل شرعی ایسا عقیدہ رکھنا معصیت اعتقادیہ اور مشابہ عبادت معاملہ کرنا معصیت عملیہ ہے اور اسی مشابہت کے سبب اطلاقات شرعیہ میں اس کو مشرک کہدیا جاتا ہے۔
امداد الفتاویٰ (11/563) میں ہے:
الجواب: ایسے خطابات میں تین مرتبے ہیں ، اول ان کو متصرف بالا ستقلال سمجھنا یہ تو صریح شرک ہے، دوم متصرف بالاذن اوران خطابات پر مطلع بالمشیۃ سمجھنا یہ شرک تو کسی حال میں نہیں لیکن یہ کہ اس کا وقوع ہوتا ہے یا نہیں اس میں اکابرامت مختلف ہیں فمنهم المثبت ومنهم النافي لیکن جو مثبت بھی ہیں وہ یہ اجازت نہیں دیتے کہ بعید سے ندا کرو اور نہ بعید سے دواماً سننے کی کوئی دلیل ہے اور بلا دلیل شرعی ایسا اعتقاد رکھنا گو حقیقتاً شرک نہ ہو، مگر معصیت اورکذب حقیقتاً اورشرک صورۃً ہے، معصیت ہونے کی یہ دلیل ہے ولا تقف ما لیس لک بہ علم اور کذب ہونا اس کی تعریف صادق آنے سے ظاہر ہے اورشرک صورۃً اس لئے کہ اول اعتقاد والوں کے ساتھ عادت میں تشبّہ ہے اور اگر کسی بزرگ کی حکایت میں بطور کرامت کے ایسا امر منقول ہو، توخرق عادت سے دوام عادت ثابت نہیں ہوتا۔
فتاوی محمودیہ(20/92) میں ہے:
سوال:” ناد علی” کے نام سے مشہور ایک عمل عملیات کی کتابوں میں ہے کیا اس کو بطور وظیفہ کے پڑھنا جائز ہے؟
جواب : نادِ علی کا وظیفہ پڑھنا غلط ہے، خلاف شرع ہے اس کو ہرگز نہ پڑھا جائے۔
خیر الفتاوی(1/342) میں ہے:
سوال: بعض لوگ مصائب و پریشانیوں میں “ناد عليا مظهر العجائب” کا وظیفہ پڑھتے ہیں۔ شرعااس کا پڑھنا کیسا ہے ؟
جواب: حل مشکلات اور دفع مصائب کے لیے احادیث میں اور بہت سے زود اثر وظائف موجود ہیں۔ علماءو محدثین سے پوچھ کر ان کا ورد کیا کریں۔ ایہام شرک کی وجہ سے نادعلیا کا وظیفہ پڑھنا جائز نہیں۔
عملیات وتعویذات کے شرعی احکام از افادات حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ(96) میں ہے:
یاد رکھو نادِ علی کا مضمون بھی شرک ہے۔ اسے چھوڑنا چاہیے اس لیے کہ وہ مضمون یہ ہے:
ناد عليا مظهر العجائب تجده عونا لك في النوائب
كل هم وغم سينجلى يا محمد بنبوتك وبولايتك يا على يا على يا على
بعضے سنی بھی اسے بڑے شوق سے گلے میں ڈالتے ہیں، سو یہ جائز نہیں ہے۔
3۔ صحیح مسلم (رقم الحدیث 2200) میں ہے :
عن عوف بن مالك الأشجعي قال: « كنا نرقي في الجاهلية، فقلنا: يا رسول الله، كيف ترى في ذلك؟ فقال: اعرضوا علي رقاكم، لا بأس بالرقى ما لم يكن فيه شرك
ترجمہ :حضرت عوف بن مالک اشجعی ؓ کہتے ہیں کہ ہم جاہلیت کے دور میں ( کچھ پڑھ کر ) دم کرتے تھے ۔ ہم نے پوچھا یارسول اللہ آپ کی اس دم کے بارے میں کیا رائے ہے ؟آپ ﷺنے فرمایا دم کرنے میں جو کچھ تم پڑھتے ہو وہ مجھے بتاؤ ۔ (وہ سن کر آپ ﷺنے فرمایا ) بذات ِخود دم کرنے میں کوئی حرج نہیں جب تک اس میں شرکیہ کلمہ نہ ہو ۔
کفایت المفتی (9/78) میں ہے :
عملیات جب کہ جائز طریقے سے کیے جائیں ان کا کرنا جائز ہے ، ضروری ہے کہ ان میں غیر اللہ سے استمداد اور غیر معلوم المعنی الفاظ اور غیر اللہ کے لیے نذرو بھینٹ نہ ہو ۔
خیر الفتاوی (1/348) میں ہے :
فقہاء نے تعویذات کے متعلق ضابطہ یہ لکھا ہے کہ قرآنی آیات اور ادعیہ ماثورہ ( مسنون دعائیں ) یا ایسے کلمات جن سے کوئی کفر و شرک لازم نہ آتا ہو بلکہ شرک کا وہم بھی نہ ہوتا ہو ، ایسے دم اور تعویذات کرنا اور اس کا استعمال کرنا شرعاً درست ہے ، اس کے علاوہ شرکیہ کلمات والے تعویذات کا استعمال ناجائز ہے ۔
عملیات وتعویذات کے شرعی احکام از افادات حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ(96) میں ہے:
یاد رکھو نادِ علی کا مضمون بھی شرک ہے۔ اسے چھوڑنا چاہیے۔
4۔ معارف القرآن(5/481) میں ہے:
لا تقف ما لیس لک به علم
مقتضی آیت مذکورہ کا یہ ہے کہ یقینی اور قطعی احکام میں تحقیق بھی درجہ اول کی ہو یعنی قطعیت اور یقین کامل کے درجہ کو پہنچ جائے اور جب تک ایسا نہ ہو عقائد اور اصول اسلام میں اس تحقیق کا اعتبار نہیں اس کے مقتضی پر عمل جائز نہیں اور ظنی فروعی امور میں دوسرے درجہ یعنی ظن غالب کے درجہ کی تحقیق کافی ہے۔
عملیات و تعویذات کے شرعی احکام (ص:79) میں ہے:
قال الله تعالى ولا تقف ما ليس لك به علم اس آیت سے معلوم ہوا کہ کسی صحیح دلیل کے بغیر جس کا صحیح ہونا قواعد شرعیہ سے ثابت ہو کسی امر کا خواہ وہ اخبار ہو یا انشاء اعتقاد درست نہیں۔
عملیات و تعویذات کے شرعی احکام (68) میں ہے:
جس امر کے ثابت کرنے کا شریعت میں جو طریقہ ہے جب تک اس طریقہ سے وہ امر ثابت نہ ہو اس کا کسی طرف منسوب کرنا جائز نہیں۔
5۔بواد النوادر (ص:98) میں ہے:
جو عملیات خاص قیدوں کے ساتھ پڑھے جاتے ہیں اور عامل ان کی دلیل سے زائد مؤثر سمجھ کر گویا اثر کو اپنے قبضہ میں سمجھتا ہے ایسے عملیات طالب حق کی وضع کے خلاف ہیں۔
امداد المفتین(2/215) میں ہے :
سوال : عملیات میں یوم اور وقت کا تعین منجانب اللہ ہے یا اس کا تعلق کواکب سے ہے اور اس کا لحاظ شرعا کیسا ہے؟
الجواب : اکثر عملیات میں وقت اور یوم کا تعین منجانب اللہ نہیں بلکہ محض تجربہ کی بنیاد پر لوگوں نے یہ تعینات کئے ہیں اگر ان اوقات و حالات خاصہ کو مؤثر بالذات نہ سمجھے بلکہ ایسا معین سمجھے جیسے دھان مونجی ہونے کے لئے برسات کا موسم متعین کیا جاتا ہے اور کسی کام کے لئے جاڑے کا موسم کسی کے لئے گرمی کا تو ان تعینات میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ۔
6۔شامی(9/484) میں ہے:
(و) كره قوله (بحق رسلك وأنبيائك وأوليائك) أو بحق البيت لأنه لا حق للخلق على الخالق …….. ومجرد إيهام اللفظ ما لا يجوز كاف في المنع
فتاوی رشیدیہ(1/145) میں ہے:
سوال: دعا میں بحق رسول الله وولي الله کا کہنا ثابت ہے یا نہیں؟ بعض فقہا و محدثین منع کرتے ہیں اس کا کیا سبب ہے؟
جواب: بحق فلاں کہنا درست ہے اور معنی یہ ہے کہ جو تو نے اپنے احسان سے وعدہ فرما لیا ہے اس کے ذریعے سے مانگتا ہوں مگر معتزلہ اور شیعہ کے نزدیک حق تعالیٰ پر حق لازم ہے اور وہ بحق فلاں کے یہی معنی مراد رکھتے ہیں اس واسطے معنی موہم اور مشابہ معتزلہ ہو گئے تھے لہذا فقہاء نے اس لفظ کا بولنا منع کر دیا ہے تو بہتر ہے کہ ایسا لفظ نہ کہے جو رافضیوں کے ساتھ تشابہ ہو جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved