- فتوی نمبر: 24-47
- تاریخ: 24 اپریل 2024
- عنوانات: مالی معاملات > منتقل شدہ فی مالی معاملات
استفتاء
آج کل ڈیجیٹل کرنسی کی ایک ایپ پائی (Pi) کے نام سے چل رہی ہے اور پلے سٹور پر موجود ہے۔ کیا اس کا استعمال کرنا جائز ہے؟
تنقیح: پائی (Pi) کرپٹو کرنسی کی ایک قسم ہے اور حال ہی میں اسکی (غالباً چائنہ کی طرف سے) ابتداء کی گئی ہے۔ کمپنی کی طرف سے اسکی تشکیل (مائننگ) میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے کہ آپ اسکی تشکیل میں شامل ہوں یعنی اس کرنسی کی ایپ جسکا نام پائی(Pi) ہے اسے اپنے موبائل میں ڈاؤنلوڈ کریں اور ہر چوبیس گھنٹے بعد ایپ پر موجود بٹن کو دبائیں جس سے آپ کے حقیقی انسان ہونے اور موجودگی کی تصدیق ہو گی۔ کمپنی آپ کو ہر گھنٹے کے عوض ایک خاص مقدار مثلاً فی گھنٹہ 0.10 پائی کوئن دے گی۔ ابتداء میں شامل ہونے والے تمام افراد کوپائینیر (Pioneer) کا درجہ دیا جاتا ہے۔
اور جو افراد تین دن تک ایپ پر موجود رہیں اور ہر چوبیس گھنٹے بعد بٹن کو دبائیں ان افراد کو کونٹریبیوٹر (Contributer) کا درجہ دیا جاتا ہے یہ افراد اب اپنے کونٹیکٹ میں سے افراد کے حقیقی ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں اور ہر ایک فرد کی تصدیق کے عوض ان کے فی گھنٹہ عوض میں اضافہ ہوگا مثلاً فی فرد انکو 0.02 پائی کوئن فی گھنٹہ اضافی ملے گا ۔ اس طرح پانچ افراد کی تصدیق پر انکا فی گھنٹہ عوض 0.20 پائی کوئن (0.10 پائی کوئن بنیادی+ 0.02 فی فرد اضافی) ہو جائے گا۔
اس کے بعد تیسرا درجہ ایمبیسیڈر (Ambassador) کا ہے اور اس درجہ میں آپ دوسرے لوگوں کو اپنے مخصوص کوڈ کے ذریعہ اس ایپ پر لائیں ۔ آپ جتنے لوگوں کو اپنے کوڈ کے ذریعہ ایپ پر لائیں گے اور وہ مذکوہ بالا طریقہ سے اس کرنسی کی تشکیل کا حصہ بنیں گے اور جتنے عرصہ تک وہ ایپ کا استعمال جاری رکھیں گے تو اس پر بھی آپ کو فی گھنٹہ الگ عوض ملے گا یعنی مثلاً آپ آٹھ لوگوں کو اپنے مخصوص کوڈ کے ذریعہ اس ایپ کا حصہ بناتے ہیں تو جب تک یہ افراد ایپ پرموجود رہیں گے اور روزانہ بٹن دبائیں گے تو آپ کو ہر ایک فرد کے عوض، بنیادی فی گھنٹہ عوض کا پچیس (25) فی صد اضافی ملے گا ۔
ان تینوں درجوں کے حساب سے اب فی گھنٹہ کے حساب سے آپ کے اعداد بڑھتے رہیں گے اور اب صارف بنیادی فی گھنٹہ کا 0.10 پائی کوئین، پانچ افراد کی تصدیق کا 0.10 پائی کوئین (0.02فی فرد ) اور آٹھ افراد کو اپنے مخصوص کوڈ کے ذریعہ اس کے ذریعہ اس ایپ پر لانے کا 0.40پائی کوئین (0.05 پائی کوئن فی فرد جو کہ بنیادی عوض 0.20 پائی کوئن کا 25 فیصد ہے) ان تینوں کا مجموعہ 0.60 پائی کوئن فی گھنٹہ حاصل کرے گا۔
نیز دوسری کرپٹو کرنسیز کی طرح یہ کرنسی ابھی تک خارجی وجود میں نہیں آئی اور نہ اسکی کوئی قیمت متعین ہے اور نہ ہی اس کی خرید و فروخت کی جا سکتی ہے بلکہ یہ کرنسی ابھی تک تشکیل (مائننگ) کے مرحلہ میں ہے۔ ایک خاص حد تک مثلاً ایک کروڑ پائی کوئن مکمل ہو جانے کے بعد اس کرنسی کو لانچ کیا جائے گا اور اس وقت اس کی اور اس کے ذریعہ خرید و فروخت ممکن ہو گی اور تب تک پوائنٹس کی صورت میں یہ کوائن جمع ہوتے رہیں گے۔
اور پورے دن میں صرف بٹن دبانے کے وقت اس ایپ کو کھولا جاتا ہے اور اس وقت نیٹ کا ہونا ضروری ہے اس کے علاوہ پورا دن اس ایپ کو کھولنا یا موبائل کو آن رکھنا اورنیٹ سے منسلک رکھنا ضروری نہیں ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ ایپ کا استعمال کرنا جائز نہیں کیونکہ اس میں متعدد خرابیاں ہیں:
1) مذکورہ ایپ میں فی الحال لوگوں کو روزانہ بٹن دبانے کے پوائنٹ ملتے ہیں جن کا ابھی کوئی مقصد اور فائدہ نہیں ہے یعنی فی الحال وہ پوائنٹ لغو ہیں اور آئندہ جا کر یہ ڈیجیٹل کرنسی شمار ہوں گے جو کہ جائز نہیں ہے نیز اس ایپ کا اصل مقصد بھی اسی کرنسی کی مائننگ ہے تو جب ڈیجیٹل کرنسی جائز نہیں تو اس کی مائننگ بھی جائز نہیں۔
2) یہ پوائنٹس لوگوں کو ریفر کرنے یا ان کی تصدیق کرنے پر بھی ملتے ہیں جبکہ مذکورہ ایپ کا استعمال ہی جائز نہیں اس لئے اس میں لوگوں کی تصدیق یا لوگوں کو ریفر کرنا بھی قابل اجرت شمار نہیں ہو سکتا نیز اجرت بھی مجہول ہے کہ جب تک اگلا بندہ ایپ پر رہے گا (جو کہ نا معلوم ہے) اس وقت تک پوائنٹس ملتے رہیں گے۔
3) لوگوں کو ریفر کر کے اس ایپ کا ممبر بنانے میں محنت ایک دفعہ کی جاتی ہے لیکن اس کی اجرت مستقل ملتی رہتی ہےجو کہ جائز نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved