- فتوی نمبر: 28-284
- تاریخ: 12 نومبر 2022
- عنوانات: مالی معاملات > منتقل شدہ فی مالی معاملات
استفتاء
گذارش ہے کہ خاکسار ایک تعلیمی ادارے کا سربراہ ہے۔ سال 2020ء میں کورونا بندش کے بعد والدین، اساتذہ کرام اور خود ادارہ شدید مالی بحران کا شکار رہا ہے تاہم اس دوران ادارہ کی جانب سے تمام لوگوں کے ساتھ اس مشکل دور کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بھر پور تعاون کیا گیا ،جو لوگ بالکل فیس ادا نہیں کرسکتے تھے ان کی مکمل فیس معاف کی گئی،اورجو مکمل فیس ادا نہیں کرسکتے تھے ان سے آدھی فیس لی گئی جبکہ اس دوران سکول انتظامیہ کی جانب سے بچوں کی تعلیم کا عمل کسی تعطل کا شکار نہیں ہوا ۔سکول کی جانب سے ایک ایسی website (ویب سائٹ) بنوائی گئی جس پر ٹیچرز آن لائن لیکچرز دیکر بچوں سے کام سنتے تھے۔ آن لائن کوئز (سوال جواب کا سیشن)اور ہوم ورک ڈائری کے ساتھ ساتھ امتحانات کے سلسلے کو بھی جاری رکھا گیا اس عمل میں ادارہ کی جانب سے اضافی لاگت بھی آئی کیمرہ، انٹرنیٹ، ویڈیو ایڈیٹرز اور سافٹ وئیر کے اخراجات کے باوجود تعلیمی پہیہ نہ رکنے دیا یہ بات بھی یاد رہے کہ ادارہ کی جانب سے یتیم بچوں کو مفت تعلیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
2020 سے 2021ء تک ،دو سال کے دوران ادارے نے والدین کے ساتھ بھر پور تعاون کیا تاکہ بچوں کا تعلیمی نقصان نہ ہو افسوس ناک صورتحال یہ ہے کہ ا س تعاون نے بہتری کی بجائے بگاڑ پیدا کردیا ہے وہ والدین جن کو واجبات کی ادائیگی میں سہولت دی گئی وہ اب ہر ماہ فیس جمع کروانے میں تاخیر کرتے ہیں اور جب تین سے چار ماہ کی فیس اکٹھی ہوجاتی ہے تو منت سماجت کرکے فیس میں عادتاًرعایت مانگتے ہیں فیس بروقت جمع نہ کروانے کے باعث ہر ماہ ادارے کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس مشکل کو سامنے رکھتے ہوئے ادارہ کی جانب سے والدین کی حوصلہ افزائی کے لیے 5 تاریخ تک فیس جمع کروانے پر 10% رعایت بھی دی گئی اس کے باوجود والدین کی کثیر تعداد فیس لیٹ جمع کرواتی ہے بندہ نے ان تمام مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لیٹ فیس جمع کروانے والے افراد سے یومیہ جرمانہ چارج کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ والدین جرمانے کے دباؤ سے بروقت فیس ادا کریں تاہم وہ والدین جن کی کوئی جائز مجبوری یا عذر ہو ادارہ اس کا بھر پور خیال رکھتا ہے جرمانے کی شرط داخلہ کے وقت والدین کو دئیے گئے اصول وضوابط میں 10 سال پہلے سے درج ہے اور اس فیس کارڈ پر بھی درج ہے جس پر ہر ماہ فیس جمع کی جاتی ہے اس پورے پراسیس میں بندہ ناچیز کے دل میں یہ شک بھی موجود ہے کہ اس لیے گئے جرمانے کی شرعی حیثیت مشکوک ہے ۔
مالی بگاڑ کی بہتری کے لیے ادارہ کے پاس جو آپشن موجود ہیں وہ یہ ہیں:
1)جرمانہ کی ادائیگی+بروقت فیس پر رعایت۔ہم سکول میں فیس ایڈوانس لیتے ہیں اور یکم سے فیس واجب الاداء ہوتی ہے ،فیس میں رعایت کی صورت یہ ہے کہ جو طلبہ ایک ماہ کی فیس 5 تاریخ تک جمع کروائیں گے ان کی فیس میں 5فیصد کمی کی جائے گی اور جو 2 ماہ کی فیس ایڈوانس جمع کروائیں گے ان کی فیس میں 10فیصد کمی کی جائے گی۔
2)لیٹ فیس جمع کروانے والوں کی فیس میں مستقل اضافہ کریں، اس کی صورت یہ ہوگی کہ ہمارے سکول کی فیس 3000ہے لیکن اکثر لوگوں سے ہم پوری فیس نہیں لیتے بلکہ کچھ نہ کچھ رعایت کرتے ہیں لیکن تاخیر سے فیس جمع کروانے والے بچوں کی فیس میں رعایت ختم کردیں گے اور ان سے 3000پورے لیں گےاور ایک مرتبہ اضافے کے بعد ان کی فیس دوبارہ کم نہیں کریں گے۔
3)فیس ادا نہ کرنے والوں کا سکول سے خارجہ کردیں ،یعنی جن کی فیس میں 2سے 3 ماہ تاخیر ہو گئی ہے اور وہ بالکل فیس جمع نہیں کروارہے یعنی پچھلی فیس تھوڑی تھوڑی کر کے بھی نہیں دے رہے تو ہم ان کو سکول سے نکال دیں گے ۔
4)اس تناظر میں آپ کی رہنمائی درکار ہے کہ اگر جرمانہ لینا جائز نہیں تو آپ قرآن وسنت کی روشنی میں ہمیں اس کا کوئی ایسا متبادل نظم وضع کریں جس سے ہمارا نظام بھی متاثر نہ ہو اور والدین بھی ادارے کے نقصان کا موجب نہ بنیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1)فیس کی تاخیر سے بچنے کے لیے یہ صورت اختیار کرنا کہ ادائیگی میں تاخیر کرنے والے سے جرمانہ لیا جائے، جائز نہیں،یہ سود کی شکل ہےالبتہ پہلے جمع کروانے کی صورت میں ڈسکاؤنٹ کی آفر دینا جائز ہے۔
توجیہ:جس صورت میں تاخیر کی وجہ سے جرمانہ لیا جاتا ہے وہ جائز نہیں ہے اس لیے کہ یہ اضافہ مدت کے مقابلے میں ہے اور مدت بڑھنے کی وجہ سے فیس میں اضافہ کرنا سود ہے،جبکہ بروقت ادائیگی پر دی جانے والی رعایت ضع وتعجل میں داخل نہیں ہے اس لیے کہ ضع و تعجل کا تعلق دین موجل سے ہوتا ہے جبکہ زیر نظر صورت میں دین موجل نہیں ہوتا بلکہ فیس ایڈوانس وصول کی جاتی ہے۔
2،3)شرعی لحاظ سے یہ صورتیں جائز ہیں ،البتہ جو لوگ واقعی مجبور ہوں تو ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کے تحت نرمی کا معاملہ کرنا چاہیے۔
4) فی الحال نمبر 2 اور 3 کے تحت مذکور متبادل پر عمل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved