- فتوی نمبر: 35-255
- تاریخ: 30 مئی 2026
- عنوانات: مالی معاملات > آن لائن کمائی > مروجہ آن لائن کمپنیاں
استفتاء
میرے بیٹے کے پاس ایک ایپ ہے جس کا نام “Poppo Live”(پوپو لائیو )ہے میرا بیٹا اس میں پیکج لگانا چاہتا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ اس میں کوئی غیر معمولی چیز نہیں ہے صرف چار گھنٹے لائیو آنا ہوگا پرائیویٹ جو کسی کو ظاہر نہیں ہوگا اور ٹاسک مکمل کر کے اس کو ریوارڈز ملیں گے جس سے وہ ہفتے کے 1500 سے 2 ہزار تک پیسے کما سکتا ہے کیا یہ جائز ہے؟
وضاحت (1) ٹاسک کیا ہوتے ہیں؟(2) لائیو آ کر کیا کرنا ہوتا ہے؟
جواب: (1) ٹاسک یہ ہوتا ہے کہ ہفتے میں آپ نے 120 ٹاسک پورے کرنے ہوتے ہیں لائیو آنے کی صورت میں صرف سکرین کو دیکھنا ہوتا ہے باتیں کرنا نہیں ہوتیں۔ (2) کچھ بھی نہیں کرنا ہوتا سکرین پر آپ کو اپنا چہرہ دکھانا پڑے گا وہ بھی پرائیویٹ جو کسی کو ظاہر نہیں ہوگا باتیں بھی نہیں کرنی ہوں گی۔
تنقیح : انٹر نیٹ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پوپو لائیو ایک ایپ ہے جس پر لوگ لائیو آتے ہیں ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں اور ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہیں دوستیاں کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو گفٹس بھی دیتے ہیں گفٹ دینے کی بنیاد یہ ہوتی ہے کہ مثلا کسی شخص کو دوسرے کی شکل ،گفتکو یا کوئی انداز پسند آیا تو وہ دوسرے کو گفٹ دیتا ہے اسی طرح لوگ لائیو آکر مزاحیہ حرکتیں کرتے ہیں تاکہ لوگ خوش ہو کر انہیں گفٹ دیں آپس میں لوگ ہلکے پھلکے مقابلے بھی کرتے ہیں اور جیتنے والے کو لوگ زیادہ گفٹ دیتے ہیں اور لوگوں کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے کہ کس کو گفٹ دیں اور کتنا دیں گفٹ دینے کے لیے پہلے وہ گفٹ ایپ سے خریدنے پڑتے ہیں یعنی ایپ میں ہی آپشن ہوتی ہے جہاں سے گفٹ خریدے جاتے ہیں مثلا ایک گفٹ پھول ہے تو اس کی قیمت 100 روپے ہے گفٹ خریدنے کے بعد اس ایپ میں ہی ایک پھول کا وہ شخص مالک ہو جاتا ہے اور وہ کسی کو دیا جاسکتا ہے ۔ جس کو گفٹ ملتا ہے وہ اسے کیش کروا سکتا ہے اس کی بھی ایپ میں ہی آپشن ہوتی ہے اور مثلا جو پھول ایپ نے پہلے 100 کا بیچا تھا وہ واپس 80 میں خریدتی ہے اور 20 روپے ان کا کمیشن ہوتا ہے یوں کمپنی کی کمائی بھی ہوتی ہے۔
بعض دفعہ کمپنی لوگوں کو خود بھی پیسے دیتی ہے کہ تم بس روزانہ اتنی دیر لائیو آیا کرو چاہے پرائیویسی لگا کر لوگوں کے سامنے نہ آو اس میں اول تو لائیو آنے والے کو ایپ والے پھر بھی دیکھ سکتے ہیں نیز اس میں کمپنی کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ نئے آنے والے کو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت اتنے لوگ لائیو ہیں تو وہ سمجھتا ہے کہ یہ ایپ اچھی ہے اور مشہور ہے جس کی بنا پر اتنے لوگ اس میں اس وقت بھی لائیو ہیں تو وہ بھی لائیو آنا پسند کرتا ہے کیونکہ اس طرح کی اور بھی بہت سے ایپس ہیں مثلا بیگو لائیو ،ٹک ٹاک لائیو وغیرہ تو نیا آنے والا زیادہ اس کو پسند کرتا ہے جو زیادہ مشہور ہو اور جب وہ لائیو آئے گا تو کچھ نہ کچھ گفٹ دینے یا لینے والا بھی بنے گا اور ایپ والوں کی کمائی ہوگی یعنی ایک مصنوعی رش ظاہر کیا جاتا ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ طریقے سے کمائی کرنا جائز نہیں کیونکہ:
1۔بغیر کسی جائز مقصد کے صرف لائیو آنا ایک لایعنی کام ہے جو شرعاً قابلِ اجارہ نہیں۔
2۔اس طرح کی ایپ بہت سے منکرات، فحاشی وغیرہ کا ذریعہ ہے اور مذکورہ کام اس میں تعاون کی ایک صورت ہے۔
3۔مذکورہ طریقہ کا اصل مقصد ایپ والوں کا یہ ظاہر کرنا ہے کہ ہماری ایپ پر اتنا رش ہے جبکہ یہ حقیقی رش نہیں ہوتا اس لیے یہ جھوٹ کی صورت ہے جس میں اس طرح لائیو آنے والا بھی سبب بنتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved
