- فتوی نمبر: 26-168
- تاریخ: 05 جولائی 2026
- عنوانات: مالی معاملات > اجارہ و کرایہ داری > کمیشن کے احکام
استفتاء
ہماری ایک کمپنی ہے جو E مارکیٹنگ(آن لائن چیزوں کی فروخت) کا کام کرتی ہے سوال یہ ہے کہ ہم نے اس میں ایک مارکیٹنگ پالیسی بنائی ہے کہ جو شخص بھی ہماری پراڈکٹ کسی کو بتائے گااور اس کی مارکیٹ(تشہیر) کرے گا ہم اس کو کمیشن دیں گے، مثلاً پرسن (Person) / شخص A نے ہماری پروڈکٹ پرسن / شخص B کو مارکیٹ کی اور پرسن / شخص B نے وہ چیز ہم سے خریدی تو ہم پرسن / شخص A کو بطور کمیشن یا مارکیٹنگ فیسیلیٹی یا کوئی بھی اصطلاح کہہ سکتے ہیں اپنے پرافٹ میں سےکچھ فیصد(جو پہلے سے طے ہوگا)کی صورت میں دیں گے اور اس کے بعد جب بھی اور جتنی مرتبہ بھی پرسن / شخص B ہم سے کوئی پراڈکٹ خریدے گا ہم پرسن / شخص A کو کمیشن دیں گے ۔ تو کیا یہ مارکیٹنگ پالیسی شرعاًدرست ہے؟
تنقیح : مذکورہ صورت میں ملٹی لیول مارکیٹنگ MLMنہیں ہوگی البتہ ایک دفعہ جس نے گاہک بنا دیا اسے ہمیشہ جب تک وہ گاہک ہم سے خریداری کرتا رہے گا پرافٹ دیتے رہیں گے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
کسی کمپنی کا کسی شخص کو ایک دفعہ اپنی پراڈکٹ بکوانے پر آئندہ ہمیشہ کے لیے (جب جب بھی وہ گاہک کمپنی سے سامان خریدے گا) گاہک بنانے والے کو کمیشن دیتے رہنا جائز نہیں ،کیونکہ بعد میں خریداری کی صورت میں گاہک بنانے والے کی مزید کوئی محنت شامل نہیں ہوتی اور اگر یہ کہیں کہ بعد کی کمیشن بھی اس پہلی دفعہ کی محنت ہی کی کمیشن ہے تو کمیشن میں جہالت لازم آئے گی کہ نہ معلوم وہ شخص آگے دوبارہ خریدے گا یا نہیں اور کتنی مرتبہ خریدے گا تو کتنی کمیشن بنے گی نیز اس صورت میں کمیشن کا ایک بڑا حصہ اس پر موقوف بھی ہوگا کہ جب گاہک مزید خریداری کرے گا تو وہ حصہ ملے گا ورنہ نہیں جبکہ کمیشن ایجنٹ ایک دفعہ اپنا کام پورا کرچکا ہے تو اسے اس کا کل کمیشن ملنا چاہیے ، لہذا مذکورہ صورت جائز نہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved