- فتوی نمبر: 36-108
- تاریخ: 04 اگست 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
میرا سوال یہ ہے کہ اگر کوئی بندہ موبائل یا ریڈیو پر تلاوت سنتا رہے اور ساتھ ساتھ قرآن شریف کو دیکھتا رہے تو اس طرح کرنے سے تلاوت کے ثواب میں کوئی کمی آتی ہے؟نیز ریکارڈنگ تلاوت سننے سے ثواب ملتا ہے یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اس طرح سے خود تلاوت کرنے کا ثواب نہیں ملے گا اور تلاوت کی ریکارڈنگ سننے کا ثواب بھی کسی انسان سے براہ راست تلاوت سننے کی طرح نہ ہوگا کیونکہ موبائل یا ریڈیو بے جان آلات ہیں جن سے تلاوت شرعاً مقصود نہیں ہے اور نہ ہی ان کی تلاوت سے سننے والے پر سجدہ تلاوت لازم ہوتا ہے اس لیے جب ان کا عملِ تلاوت خود ہی کم درجہ کا ہے تو سننے والے کو بھی اصل تلاوت سننے جتنا ثواب نہیں ملے گا۔
نوٹ: ہماری معلومات کے مطابق ریڈیو پر بھی زیادہ تر ریکارڈنگ چلائی جاتی ہے البتہ اگر ریڈیو پر براہ راست تلاوت چل رہی ہو تو ایسی صورت میں براہ راست تلاوت سننے کا ثواب ملے گا۔
شرح مختصر الکرخی (1/454) میں ہے:
قال: ومن لم يحرك لسانه بالقراءة لم يجز وهو كمن لم يقرأ، لأن القراءة هى تحريك اللسان فمتى لم يحرك لسانه فقد تفكر في القرآن والتفكر لا يجزئ من القراءة فى الصلوة
وفيه أيضا: فإن لم يحرك لسانه بالقراءة فهو بمنزلة من لم يقرأ
بدائع الصنائع (3/55) میں ہے:
قال هشام: قلت لمحمد فما تقول إذا حلف لا يقرأ لفلان كتابا فنظر في كتابه حتى أتى آخره وفهمه ولم ينطق به؟ قال: سأل هارون أبا يوسف عن ذلك وقد كان ابتلي بشيء منه فقال لا يحنث ………… فأبو يوسف اعتبر الحقيقة لأنه لم يقرأه حقيقة إذ القراءة لا تكون إلا بتحريك اللسان بالحروف ولم يوجد
فتاویٰ محمودیہ (7/472) میں ہے:
سوال: ٹیپ ریکارڈر یا ریڈیو میں اگر سجدہ تلاوت کی آیت سنی جائے تو کیا سجدہ تلاوت واجب ہوگا؟
جواب: اگر قاری یا متکلم کی قراءت وآواز کسی آلہ میں محفوظ کر لی گئی ہو تو اس میں آیت سجدہ سننے سے سجدہ تلاوت لازم نہیں ہوگا ، ٹیپ ریکارڈر کا بھی یہی حکم ہے۔
ریڈیو میں تقاضۂ احتیاط یہ ہے کہ آیت سجدہ سن کر سجدہ تلاوت کیا جائے بشرطیکہ اصل آواز اس سے سنائی دے رہی ہو کوئی ریکارڈ نہ ہو۔
احسن الفتاویٰ (4/65) میں ہے:
سوال : ٹی وی یا ریڈیو پر جو تلاوت کی جاتی ہے یا ختم قرآن فی التراویح نشر کیا جاتا ہے اور دکھایا جاتا ہے اس کے سامعین پر سجدہ تلاوت واجب ہو گا یا نہیں ؟ اس طرح ٹیپ ریکارڈر کا کیا حکم ہے ؟
جواب:ٹیپ ریکارڈر سے سننے پر سجدہ تلاوت واجب نہیں اس لیے ٹی وی اور ریڈیو پر اگرٹیپ سنایا جارہا ہو تو سجدہ واجب نہیں اور اگر براہ راست قاری کی آواز ہو تو واجب ہوگا۔
نظام الفتاویٰ، مفتی نظام الدین اعظمی صاحبؒ (5/76) میں ہے:
ریڈیو میں اکثر بیان کرنے والے کی تقریر وآواز ٹیپ کرلی جاتی ہے اور پھر اسی کو نشر کیا جاتا ہے پس اگر ایسا ہونے کا ظنِ غالب ہو تو اس کی آواز پر سجدہ تلاوت کرنا لازم نہ رہے گا۔
آپ کے مسائل اور ان کا حل( 4/480) میں ہے:
سوال : ٹیپ ریکارڈر سے اگر تلاوت قرآن سنی جائے تو اس کا ثواب ہوتا ہے ، گناہ ہوتا ہے یا ثواب گناہ کچھ بھی نہیں ہوتا ؟
جواب : ٹیپ ریکارڈر کی آواز تلاوت تو بہرحال نہیں اس لیے نہ اس پر تلاوت کے احکام مرتب ہوتے ہیں، نہ تلاوت سننے کا ثواب ہوگا البتہ تلاوت کی آواز ضرور ہے اس پر اللہ تعالی ثواب عطا فرما دیں تو کچھ بعید نہیں ۔
سوال : میں قرآن کریم کے مکمل کیسٹ خریدنا چاہتا ہوں جو با ترجمہ ہیں پوچھنا یہ ہے کہ ٹیپ ریکارڈر پر تلاوت و ترجمہ سننا کیسا ہے ؟ ثواب ہوتا ہے یا نہیں؟
جواب : ترجمہ و تلاوت اگر صحیح ہے تو ان کے خریدنے میں کوئی حرج نہیں تلاوت سننے کا ثواب تو نہیں ہوگا بہرحال قران کریم کی آواز سننا موجب برکت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved