- فتوی نمبر: 37-37
- تاریخ: 11 اکتوبر 2026
- عنوانات: عبادات > قسم اور منت کا بیان > نذر و منت کے احکام
استفتاء
منت میں اگر وقت کا تعین کیا جائے اور کام ہونے کے بعد منت کو وقت کے تعین پر ادا نہ کیا جائے بلکہ وقت کے بعد منت پوری کی جائے تو منت پوری ہو جائے گی؟
وضاحت مطلوب ہے: جو منت مانی ہے وہ مکمل تفصیل سے ذکر کریں۔
1۔میں نے منت مانی تھی کہ میری سیلری زیادہ ہو جائے تو میں مسجد میں پیسے دوں گا اب سیلری تو زیادہ ہو گئی لیکن سیلری زیادہ ہونے سے پہلے ہی میں نے کچھ پیسے دے دیے اور کچھ باقی ہیں اب جو پیسے باقی ہیں ابھی نہیں دیے اب مجھے سارےپیسے دینے ہوں گے یا جو باقی ہیں صرف وہی دینے ہوں گے؟
2۔اسی طرح میں نے ایک دوسری منت مانی تھی جو کام پورا ہونے سے پہلے ہی میں نے ادا کر دی تھی لیکن تفصیل کے لیے معذرت خواہ ہوں کہ وہ کس کام کے لیے تھی کیونکہ یاد نہیں ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
2،1۔جس کام پر منت مانی گئی ہو اس کام کے پورا ہونے سے پہلے منت کی ادائیگی کافی نہیں لہٰذا جو ادائیگی کام کے پورا ہونے سے پہلے کی گئی ہے وہ ادائیگی دوبارہ کرنی ہوگی۔
بدائع الصنائع (5/93) میں ہے:
وإن كان معلقا بشرط نحو أن يقول: إن شفى الله مريضي، أو إن قدم فلان الغائب فلله علي أن أصوم شهرا، أو أصلي ركعتين، أو أتصدق بدرهم، ونحو ذلك فوقته وقت الشرط، فما لم يوجد الشرط لا يجب بالإجماع.
ولو فعل ذلك قبل وجود الشرط يكون نفلا؛ لأن المعلق بالشرط عدم قبل وجود الشرط، وهذا لأن تعليق النذر بالشرط هو إثبات النذر بعد وجود الشرط كتعليق الحرية بالشرط إثبات الحرية بعد وجود الشرط، فلا يجب قبل وجود الشرط، لانعدام السبب قبله وهو النذر فلا يجوز تقديمه على الشرط؛
فتاویٰ محمودیہ (14/67) میں ہے:
کسی شخص نے نذر کی کہ فلاں کام ہو جائے تو تین روزے رکھوں گا۔ اس نے قبل کام ہونے کے نذر پوری کر لی ، اس کے بعد کام بھی حاصل ہو گیا۔ تو کیا اس کو دوبارہ نذر پوری کرنا چاہیے، یا پہلے روزے کافی نہیں، اور مسئلہ یمین بعینہ اس طریق پر ہے یا فرق ہے؟
الجواب : صورت مسئولہ میں وہ روزے کافی نہیں ، کیونکہ روزوں کو معلق کیا تھا کام پورا ہونے پر اور جب تک کام پورا نہیں ہوا تو ان کا وجوب ہی نہیں ہوا، لہذا وہ نفل ہو گئے ، اب مستقل روزے شرط کے موافق رکھنے ضروری ہے۔ مسئلہ یمین میں بھی کفارہ قبل الحنث واجب اور کافی نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved