- فتوی نمبر: 36-273
- تاریخ: 01 اکتوبر 2026
- عنوانات: عبادات > قربانی کا بیان > وجوب قربانی کا بیان
استفتاء
ایک آدمی کے پاس سات لاکھ روپے کی رقم موجود ہے لیکن اس نے ابھی اپنی بیوی کا مہر ادا نہیں کیاجو کہ تین تولہ سونا ہے تو کیا ایسی صورت حال میں اس پر قربانی لازم ہے؟
وضاحت مطلوب ہے:1۔مہر موجل ہے یا معجل؟2۔کیا شوہر کی فی الفور مہر ادا کرنے کی نیت ہے؟ 3۔ کیا بیوی کی طرف سے مطالبہ ہے؟
جواب وضاحت:1۔معجل ہے ۔ 2۔جی ہاں۔ 3۔نہیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں شوہر پرقربانی لازم نہیں ہوگی۔
توجیہ:مذکورہ صورت میں چونکہ مہر معجل ہے اور شوہر کی ادائیگی کی بھی نیت ہے اور مہر جب معجل ہو اور شوہر کی ادائیگی کی بھی نیت ہو تو وہ بالاتفاق موانع زکاۃ میں سے ہے اور جو مہر مانع زکوٰۃ ہو وہ مانع اضحیہ بطریق اولیٰ ہوگا ، کیونکہ زکوٰۃ فرض ہے اور قربانی واجب ہے اور فرض کا درجہ واجب کے درجہ سے اوپر ہے لہٰذا مذکورہ صورت میں مہر بالاتفاق مانع اضحیہ ہوگا۔
بدائع الصنائع ( 5/66)میں ہے:
ولو كان عليه دين بحيث لو صرف إليه بعض نصابه لانتقص نصابه لا تجب لأن الدين يمنع وجوب الزكاة فلأن يمنع وجوب الأضحية أولى؛ لأن الزكاة فرض والأضحية واجبة والفرض فوق الواجب
بدائع الصنائع(6/2)میں ہے:
ومنها أن لا يكون عليه دين مطالب به من جهة العباد عندنا فإن كان فإنه يمنع وجوب الزكاة بقدره حالا كان أو مؤجلا ……… وعلى هذا يخرج مهر المرأة فإنه يمنع وجوب الزكاة عندنا معجلا كان أو مؤجلا؛ لأنها إذا طالبته يؤاخذ به، وقال بعض مشايخنا: إن المؤجل لا يمنع؛ لأنه غير مطالب به عادة، فأما المعجل فيطالب به عادة فيمنع، وقال بعضهم: إن كان الزوج على عزم من قضائه يمنع، وإن لم يكن على عزم القضاء لا يمنع؛ لأنه لا يعده دينا وإنما يؤاخذ المرء بما عنده في الأحكام
ہندیہ(1/173) میں ہے:
وكذلك المهر يمنع مؤجلا كان أو معجلا؛ لأنه مطالب به كذا في محيط السرخسي. وهو الصحيح على ظاهر المذهب
امداد الفتاوی (2/39)میں ہے:
سوال:دین مہر بشرط نیت ادا مانع وجوب زکاۃ و اضحیہ ہے یا نہیں ؟
الجواب: دین مہر کے مانع زکاۃ ہونے میں اختلاف ہے ۔در مختار میں تو مانع کہا ہے موجل و معجل ہر دو کو اور طحطاوی نے دو قول بیان کئے ہیں ۔معجل مانع ہے موجل مانع نہیں ۔اگر عزم ادا ہو مانع ہے ورنہ نہیں “لانه لا يعد دينا“پس کل تین قول ہیں ۔اور طحطاوی نے قہستانی سے قول ثانی کی ترجیح و تصحیح نقل کی ہے۔مگر میرے نزدیک قول ثالث قابل ترجیح ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved