• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

مال وقف مصالح وقف میں استعمال کرنا

استفتاء

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک مہتمم صاحب نے اپنے ذاتی پیسوں سے اپنی رہائش اور گھر بنانے کے لیے 2010 میں 10 مرلے کا پلاٹ خریدا اس علاقے میں اس وقت کوئی مدرسہ نہیں تھا مہتمم صاحب نے سوچا کہ یہاں ہمارے مدرسے کی ایک شاخ ہونی چاہیے جس میں اہل محلہ کے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت ہو سکے مہتمم صاحب نے اس وقت اپنے ذاتی 10 مرلے کے پلاٹ میں سے پانچ مرلے مدرسہ کے لیے وقف کر دیے اور پانچ مرلے اپنے ذاتی گھر کے لیے چھوڑ دیے اور گھر کا نقشہ بنا کر بنیادیں اٹھا کر بھرائی کر کے چھوڑ دیا اور باقی پانچ مرلے پر مدرسہ کے لیے تعمیری کام شروع کیا متفرق لوگوں کے تعاون سے مدرسہ بنا اور پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ شروع ہو ا کچھ عرصے کے بعد جب بچوں کی تعداد زیادہ ہوئی تو مہتمم صاحب نے اپنے ذاتی پلاٹ پر مدرسہ کے پیسے سے اور متفرق لوگوں کے تعاون سے چار دیواری کر کے جگہ کی عارضی طور پر توسیع کر دی ، تقریبا پانچ چھ سال تک مدرسہ میں پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ جاری رہا لیکن پانچ سال کے عرصے میں موجودہ استاد نے کوئی ایک بھی حافظ قرآن تیار نہیں کیا جس کی وجہ سے متولی اور مہتمم صاحب نے استاد کو باعزت فارغ کیا یہیں سے شدید اختلافات اٹھے جس کی وجہ سے حاسدین نے بغیر کسی شرعی وجہ کے مہتمم صاحب کو بہت ہی تنگ کیا مختصر یہ کہ مہتمم صاحب نے وہاں سے مدرسہ کے بچوں کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور قریب ہی میں اسی محلہ میں مسجد کے لیے جگہ خرید کر مسجد بنادی اور طلباء کرام کو اس مسجد میں لے جا کر پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا اور دوسری طرف مہتمم صاحب نے مدرسہ کا وقف شدہ پانچ مرلے کا پلاٹ جس میں پہلے مدرسہ تھا وہ جگہ مدرسہ کے استاذ کو مدرسہ کی طرف سے رہائش کے لیے دے دیا اور اپنا ذاتی پلاٹ جو گھر کے لیے چھوڑا تھا جس پر عارضی طور پر چندہ کے پیسے سے لینٹر اور چار دیواری کی تھی اس زمین کو وقف شدہ پانچ مرلے بلڈ نگ سے الگ کر دیا ، پھر ٹھیکے دار کو بلا کر پورے پانچ مرلے کے ہال کا حساب یعنی اینٹ ، بجری، سیمنٹ، ریت ، سریا اور مزدوروں کی مزدوری وغیرہ کا پورا پورا حساب کروایا جتنی رقم بنتی تھی اس سے احتیاطاً کچھ زیادہ رقم شمار کر لی اور یہ ساری رقم اپنے دوسرے مدرسہ میں جو اس شاخ کی مین برانچ ہے جوکہ لوہے والی پلی راوی کے پاس ہے  وہاں پر مین برانچ کی تعمیر میں خرچ کر دی دونوں مدرسوں کا مہتم اور متولی ایک ہی ہے اور ایک ہی فنڈ سے دونوں ادارے چلا رہے ہیں اور مہتمم صاحب نے اپنے ذاتی پلاٹ کو ذاتی پیسے سے تیار کر واکر مکان بنایا اور تقریبا دو سال کے بعد مکان کو بیچ دیا، حضرات مفتیان کرام تمام صورت حال آپ حضرات کے سامنے رکھ دی ہے، اب مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات شریعت مطہرہ کی روشنی میں بیان فرمائیں ، اللہ پاک آپ کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے آمین۔

(1) کیا مہتمم صاحب کا اپنے ذاتی پلاٹ کی چار دیواری اور لینٹر کی رقم دوسرے مدرسہ میں جو اس شاخ کی مین برانچ ہے اس کی تعمیر میں خرچ کرنا جائز تھا؟یا کسی اور مصرف  میں خرچ کرنا چاہیے تھا (مثلاً غریبوں میں یا واپس چندہ دہندگان کو دینا)

(2) یا مہتمم صاحب اس تمام چار دیواری کو توڑ پھوڑ کر اپنا پلاٹ فارغ کر کے سیمنٹ ، بجری اور ساری تعمیر ضائع کر دیتا؟

(3) 12 سال گزرنے کے بعد اب چندہ دینے والے بھی مکمل طور پر  معلوم نہیں ہیں کچھ معلوم ہیں اکثر معلوم نہیں ہیں کوئی فوت بھی ہو گیا ہو گا لہذا ان تمام سے اجازت لینی بھی نا ممکن ہے اس تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مہتمم صاحب نے پورا پورا حساب کروا کر جتنی رقم بنتی تھی اس رقم کا تعمیری سامان مثلا اینٹ ، سیمنٹ، ریت بجری اور سر یا  وغیرہ خرید کر مدرسہ کی مین برانچ میں استعمال کر لیا تا کہ چندہ دینے والوں کا پیسہ ضائع نہ ہو اور صحیح جگہ پر لگ جائے۔

کیا اب کوئی شخص چندہ دینے والوں میں سے اپنی موقوفہ چیز مثلا نقد پیسے یا تعمیری مٹیریل  کا مہتمم صاحب سے مطالبہ کرنے کا حق رکھتا ہے ؟

(4) کیا مہتمم صاحب کا وقف شدہ پانچ مرلے کے پلاٹ میں مدرسہ کی طرف سے مدرسہ کے استاذ کو رہائش دینا جائز ہے؟

ان سوالات کی وجہ یہ ہے کہ محلے کا ایک شریر آدمی لوگوں کو مہتمم کے خلاف اکساتا ہے کہ انہوں نے چندہ  کی رقم صحیح مصرف میں استعمال نہیں کی۔

دوسرے فریق (اہل محلہ)  کا مؤقف ساتھ لف ہے جس کا خلاصہ یہ ہے:

مدرسے کی عمارت کی رقم دوسرے مدرسے میں دینا  شرعا درست ہے یا یہ رقم چندہ دینے والوں کو واپس دینی چاہیے تھی یا غرباء میں تقسیم کرنی چاہیے تھے یا کسی اور مصرف میں خرچ کرنی چاہیے تھی؟ ہم یہ اس لیے پوچھ رہے ہیں کیونکہ  ہمارا چندہ استعمال ہوا ہے، یہ چندہ صحیح مصرف میں  لگا ہے یا نہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

2،1۔دوسرے مدرسہ میں رقم استعمال کرنا جائز تھا، توڑنا جائز نہیں تھا۔ تا ہم مہتمم کے ذمے  مٹیریل کی قیمت دینا نہیں ہے بلکہ بلڈنگ کی قیمت دینا ہے جو پیسے مہتمم  صاحب نے ادا کیے ہیں اگر وہ بلڈنگ کی قیمت کے برابر ہیں تو ٹھیک ہے اور اگر وہ بلڈنگ کی قیمت سے کم ہیں تو جتنے کم ہیں اتنے مزید  ادا کرنا ضروری   ہے   اور بلڈنگ کی قیمت لگوانے کا طریقہ یہ ہے کہ اس پورے مکان کی دو قیمتیں لگوائی جائیں ایک قیمت پورے مکان ( زمین بمع بلڈنگ)  کی اور دوسری قیمت صرف زمین  کی دونوں قیمتوں میں جتنا فرق ہوگا وہ رقم بلڈنگ کی قیمت ہوگی۔

توجیہ: دونوں مدرسے ایک ہی ہیں ان کا انتظام و اہتمام ایک ہی شخص ایک ہی جہت سے کر رہا ہے اور جہت واحدہ پر وقف کی چیزوں میں ایسا کرنا جائز ہے۔ نیز بلڈنگ کی قیمت اس لیے دینا ضروری ہے کہ مہتمم صاحب مدرسے سے تعمیر شدہ عمارت خرید رہے ہیں اور تعمیر شدہ عمارت اور مٹیریل دونوں کی قیمتوں کا متفاوت ہونا ظاہر ہے اس لیے تعمیر شدہ عمارت کی قیمت دینا لازمی ہوگا۔

3۔مطالبہ نہیں کرسکتا۔

توجیہ : کیونکہ وقف شدہ چیز وقف کے بعد بندے کی ملکیت سے نکل جاتی ہے اور اللہ تعالی کی ملکیت میں چلی جاتی ہے اب یہ رقم متولی کی ذمہ داری میں ہوتی ہے  اور متولی کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ مال وقف کو مصالح وقف میں خرچ کرے ۔ مذکورہ صورت میں  مدرسے میں توسیع کی ضرورت کے پیشِ نظر متولی نے یہ رقم توسیع میں خرچ کی اور اپنے ذاتی پلاٹ پر عمارت بناکر مدرسے کی ضرورت کو پورا کیا اور جب  مدرسے کی ضرورت ختم ہوگئی اور  مہتمم کو اپنا ذاتی پلاٹ ذاتی استعمال میں لانے کی ضرورت پیش آئی تو یہ عمارت جوکہ مدرسے کے پیسوں سے بنی تھی مہتمم  نے وہ عمارت خرید لی۔

4۔جائز ہے۔

توجیہ: وہ طلباء جو مسجد میں پڑھ رہے ہیں وہ درحقیقت اسی مدرسے کے طلباء ہیں تو اس مدرسے میں ان طلباء کے استاد کو رہائش دینا کیونکہ  مدرس  مصالح وقف میں سے ہے اور وقف کی عمارت کو مصالح وقف میں استعمال  کرنا جائز ہے۔

شامی (4/360) میں ہے:

(اتحد الواقف والجهة وقل مرسوم بعض الموقوف عليه) بسبب خراب وقف أحدهما (جاز للحاكم أن يصرف من فاضل الوقف الآخر عليه) لأنهما حينئذ كشيء واحد.

(قوله: اتحد الواقف والجهة) بأن وقف وقفين على المسجد أحدهما على العمارة والآخر إلى إمامه أو مؤذنه والإمام والمؤذن لا يستقر لقلة المرسوم للحاكم الدين أن يصرف من فاضل وقف المصالح، والعمارة إلى الإمام والمؤذن باستصواب أهل الصلاح من أهل المحلة إن كان الوقف متحدا لأن غرضه إحياء وقفه، وذلك يحصل بما قلنا عن البزازية وظاهره اختصاص ذلك بالقاضي دون الناظر

شامی (4/459) میں ہے:

لا يجوز الرجوع عن الوقف

وفيه أيضا: (فإذا تم ولزم لا يملك ولا يملك ولا يعار ولا يرهن)

علم مما مر (قوله: لا يملك) أي لا يكون مملوكا لصاحبه ولا يملك أي لا يقبل التمليك لغيره بالبيع ونحوه لاستحالة تمليك الخارج عن ملكه.

شامی (4/367) میں ہے:

(ويبدأ من غلته بعمارته) ثم ما هو أقرب لعمارته كإمام مسجد ومدرس مدرسة يعطون بقدر كفايتهم ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح وتمامه في البحر

(قوله: ثم ما هو أقرب لعمارته إلخ) أي فإن انتهت عمارته وفضل من الغلة شيء يبدأ بما هو أقرب للعمارة وهو عمارته المعنوية التي هي قيام شعائره قال في الحاوي القدسي: والذي يبدأ به من ارتفاع الوقف أي من غلته عمارته شرط الواقف أولا ثم ما هو أقرب إلى العمارة، وأعم للمصلحة كالإمام للمسجد، والمدرس للمدرسة يصرف إليهم إلى قدر كفايتهم، ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved