- فتوی نمبر: 37-137
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تعلیق طلاق
استفتاء
تقریباً ڈیڑھ سال پہلے میں نے غصے کی حالت میں اپنے کزن سے کہا تھا: “میری بیوی کو طلاق ہے آج کے بعد نہ میں تم سے سبق سنوں گا اور نہ ہی تمہیں پڑھاؤں گا۔”( کو ہستانی زبان میں یہ الفاظ کہے تھے ، یہ اسی کا ترجمہ ہے) اس وقت میرا مقصد اس کے اسکول/کالج کی نصابی پڑھائی تھا، کیونکہ اس کے پیپرز چل رہے تھے اور میں اسے سبق پڑھاتااور اس سے سنتا تھا۔ اس کے بعد تقریباً ڈیڑھ سال تک میں نے نہ اس سے کوئی سبق سنا اور نہ اسے پڑھایا۔ اب حال ہی میں اس نے مجھ سے بغیر کتاب کھولے زبانی طور پر سائنس کا ایک سوال پوچھا کہ: “آسمان/فضا میں پتھر یا سیارے آپس میں ٹکرائیں تو ان کی آواز زمین پر کیوں نہیں آتی؟” میں نے اس سوال کا صرف زبانی طور پر مختصر جواب دیا کہ “ویکیوم کی وجہ سے”، اور پھر ویکیوم سمجھانے کے لیے صرف ایک جملے میں پائپ کی مثال دی۔ اس وقت مجھے بالکل علم نہیں تھا کہ یہ سوال اس کی کتاب میں موجود ہے۔ بعد میں اس نے بتایا کہ یہ اس کی کتاب کا سوال تھا۔ میرا مقصد نہ اسے سبق پڑھانا تھا، نہ کتاب سے سبق سننا، نہ اس کی نصابی پڑھائی کروانا۔ میں نے نہ کتاب دیکھی، نہ کوئی سبق سنا، اور نہ ہی اس وقت مجھے معلوم تھا کہ یہ کتاب کا سوال ہے۔ صرف ایک عام زبانی سوال کے جواب میں ایک مختصر سائنسی جواب دیا۔ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں: 1۔ کیا اس طرح بغیر کتاب کے، بغیر سبق سننے/پڑھانے کی نیت کے، محض ایک عام سوال کا ایک دو جملوں میں زبانی جواب دینے سے وہ شرط پوری ہوجائے گی ؟ 2۔ کیا اس صورت میں معلق طلاق واقع ہوگئی ہے یا نہیں؟ 3۔ اگر طلاق واقع ہوئی ہے تو فقہِ حنفی کے مطابق وہ کون سی طلاق شمار ہوگی، اور اس کی عدت و رجوع کا کیا حکم ہوگا؟ 4۔ اگر طلاق واقع نہیں ہوئی تو کیا آئندہ اس جملے کے بارے میں کوئی احتیاط ضروری ہے؟ براہِ کرم اس واقعے کی مکمل صورتِ حال کو سامنے رکھ کر فتویٰ عنایت فرمائیں ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1،2،3۔ مذکورہ صورت میں سائل کے اپنے کزن کے ساتھ اس سوال و جواب سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ۔
4۔آئندہ کبھی بھی اس کزن کو سبق پڑھایا یا اس کا سبق سنا تو سائل کی بیوی کو رجعی طلاق ہوجائے گی اور عدت کے اندر رجوع کرنے کی گنجائش ہوگی لہٰذا اس کو سبق پڑھانے یا سننے سے اجتناب کیا جائے۔
توجیہ : مذکورہ صورت میں سائل نے جو جملہ بولا ہے “میری بیوی کو طلاق ہے آج کے بعد نہ میں تم سے سبق سنوں گا اور نہ ہی تمہیں پڑھاؤں گا۔”اگرچہ اس میں حرف شرط موجود نہیں ہے لیکن عرف میں اس سے مراد شرط و جزا والا معنی ہی ہوتا ہے لہٰذا سائل کے کہے ہوئے جملہ کا مطلب یہ ہوا کہ :” میری بیوی کو طلاق ہے اگر آج کے بعد میں تمہارا سبق سنوں یا تمہیں پڑھاؤں “۔سائل نے اس تعلیق کے بعد اپنے کزن کو کتاب کے ایک دو سوالوں کا زبانی جواب دیا ہے حالانکہ اس نے اپنی بیوی کی طلاق کو اس کزن کے سبق سننے اور پڑھانے پر معلق کیا تھا ۔فقہ حنفی کا ضابطہ ہے کہ الأيمان مبنية على العرف اور عرف میں سبق پڑھانا ایک باقاعدہ تدریسی عمل ہے جس میں مقررہ وقت میں تعلیمی ماحول قائم کرکے استاد کتاب کی عبارت پڑھاتا ہے اور شاگرد کے سامنے اس کے مسائل کی تشریح کرتا ہے جبکہ مذکورہ اہتما م کے بغیر کسی سوال کا جواب دے دینے کو عرف میں ایک غیر رسمی علمی گفتگو تو کہا جاتا ہے لیکن سبق پڑھانا يا سننا نہیں کہا جاتا۔لہٰذا جب طلاق کو سبق پڑھانے یا سننے پر معلق کیا گیا تھا اور وہ شرط نہیں پائی گئی تو سائل کے اس عمل سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ۔
فتاوی شامی (3/743)میں ہے :
“الأصل أن الأيمان مبنية عند الشافعي على الحقيقة اللغوية، وعند مالك على الاستعمال القرآني، وعند أحمد على النية، وعندنا على العرف ما لم ينو ما يحتمله اللفظ ……..
(قوله وعندنا على العرف) لأن المتكلم إنما يتكلم بالكلام العرفي أعني الألفاظ التي يراد بها معانيها التي وضعت لها في العرف كما أن العربي حال كونه بين أهل اللغة إنما يتكلم بالحقائق اللغوية فوجب صرف ألفاظ المتكلم إلى ما عهد أنه المراد بها فتح. (قوله: فلا حنث إلخ) … إذ لا شك أن المتكلم لا يتكلم إلا بالعرف الذي به التخاطب سواء كان عرف اللغة إن كان من أهلها، أو غيرها إن كان من غيرهم نعم ما وقع مشتركا بين اللغة والعرف تعتبر فيه اللغة أنها العرف (قوله: الأيمان مبنية على الألفاظ إلخ) أي الألفاظ العرفية بقرينة ما قبله واحترز به عن القول ببنائها على عرف اللغة أو عرف القرآن ففي حلفه لا يركب دابة ولا يجلس على وتد، لا يحنث بركوبه إنسانا وجلوسه على جبل وإن كان الأول في عرف اللغة دابة، والثاني في القرآن وتدا كما سيأتي وقوله: لا على الأغراض أي المقاصد والنيات، احترز به عن القول ببنائها على النية. فصار الحاصل أن المعتبر إنما هو اللفظ العرفي المسمى، وأما غرض الحالف فإن كان مدلول اللفظ المسمى اعتبر وإن كان زائدا على اللفظ فلا يعتبر .
فتاوی شامی (3/ 724)میں ہے :
«أما التعليق فلا يجري اشتراط اللام والنون في المثبت منه لا عند الفقهاء ولا عند اللغويين، ومنه الحرام يلزمني وعلي الطلاق لا أفعل كذا فإنه يراد به في العرف إن فعلت كذا فهي طالق فيجب إمضاؤه عليهم كما صرح به في الفتح وغيره كما يأتي.»
علمی اردو لغت (ص882) میں ہے :
سبق : درس کا وہ حصہ جو روزانہ پڑھایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved