- فتوی نمبر: 36-390
- تاریخ: 16 نومبر 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > نماز کی شرطوں کا بیان
استفتاء
میرا مسئلہ یہ ہے کہ وقت کی تنگی کی وجہ سے غسل فرض یا واجب ہو اور ہم نہ کریں اور نماز کے لیے چلے جائیں تو شریعت میں کیا حکم ہے؟ کیا نماز ہوجائے گی؟ یعنی نماز کا وقت قریب ہو اور ہم پر غسل فرض یا واجب ہو جائے اور ہم نہ کریں صرف کپڑے کی جگہ اور جسم کی ا س جگہ کو صاف کرلیں تو نماز ہوجائے گی؟ اور تلاوت کریں تو وہ ہوگی خاص طور پر فرض نماز میں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
بلا عذر بغیر غسل کے نماز اور تلاوت سخت گناہ کا کام ہے اور بغیر غسل کیے نماز اور تلاوت کریں گے تو وہ ادا نہ ہوں گے اگر یہ وقت تنگ ہو اور نماز قضا ہونے کا خطرہ ہو تو پھر بھی غسل ضروری ہے، غسل کرکے نماز پڑھنی ہوگی چاہے قضا کرکے پڑھی جائے۔
بدائع الصنائع (1/38) میں ہے:
ويصح من الجنب أداء الصوم دون الصلاة، لأن الطهارة شرط جواز الصلاة دون الصوم، ويجب عليه كلاهما، حتى يجب عليه قضاؤهما بالترك، لأن الجنابة لا تمنع من وجوب الصوم بلا شك، ويصح أداؤه مع الجنابة، ولا يمنع من وجوب الصلاة أيضا
بدائع الصنائع (1/114) میں ہے:
(أما) شرائط أركان الصلاة: (فمنها) الطهارة بنوعيها من الحقيقية والحكمية، والطهارة الحقيقية هي طهارة الثوب والبدن ومكان الصلاة عن النجاسة الحقيقية، والطهارة الحكمية هي طهارة أعضاء الوضوء عن الحدث، وطهارة جميع الأعضاء الظاهرة عن الجنابة
الاختیار لتعلیل المختار (1/13) میں ہے:
ولا يجوز للمحدث والجنب مس المصحف إلا بغلافه، ولا يجوز للجنب قراءة القرآن
اللباب فی شرح الکتاب (1/34) میں ہے:
(إذا ضاق الوقت فخشي إن توضأ فات الوقت لم يتيمم) ؛ لأنه يقضي (ولكنه يتوضأ ويصلي) إن فات الوقت (فائتة) أي: قضاء
فتاویٰ دارالعلوم دیوبند (1/325) میں ہے:
سوال: جو شخص بغیر وضو کے نماز پڑھے اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اس کے کفر میں اختلاف ہے اور صحیح عدم تکفیر ہے مگر وہ شخص فاسق، عاصی ہے، توبہ کرے۔
آپ کے مسائل اور ان کا حل (3/333) میں ہے:
س… اگر خواب میں شب کو کپڑے ناپاک ہوجائیں اور کسی شخص کو صبح اس کی خبر نہ ہو اور وہ نماز بھی پڑھ لے اور ساتھ ہی قرآن شریف بھی پڑھ لے، تو بتائیں کہ کیا اس نماز اور تلاوت کا کوئی کفارہ ادا کرنا پڑے گا؟
ج… اس کی نماز اور تلاوت کالعدم ہے، دوبارہ پڑھے، یہی کفارہ ہے کہ اس غلطی پر اِستغفار کرے۔
بہشتی زیور (حصہ دوم، ص:198) میں ہے:
نماز شروع کرنے سے پہلے کئی چیزیں واجب ہیں اگر وضو نہ ہو تو وضو کرے ، نہانے کی ضرورت ہو تو غسل کرے، بدن یا کپڑے پر کوئی نجاست لگی ہو تو اس کو پاک کرے جس جگہ نماز پڑھنی ہو وہ بھی پاک ہونی چاہیے …….. یہ سب چیزیں نماز کے لیے شرط ہے اگر اس میں سے ایک چیز بھی چھوٹ جائے گی تو نماز نہ ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved