- فتوی نمبر: 37-155
- تاریخ: 24 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > متفرقات خاندانی معاملات
استفتاء
کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ہم چار بھائی (زید ،خالد ، بکر اور عمر ) تھے۔ ہم سب بھائیوں میں سب سے بڑے بھائی خالد تھے۔ وہ سعودی عرب گئے، وہاں محنت کرکے پیسے کمائے اور واپس آکر اپنی ذاتی رقم سے اپنے لیے ایک دکان قائم کی۔ وہ دکان خود چلاتے تھے، اور ہمارے سب سے چھوٹے بھائیبکر بھی ان کے ساتھ دکان پر کام کرنے کے لیے جایا کرتے تھے۔
سن 1995ء میں ہمارے بڑے بھائی خالد کو بعض لوگوں نے قتل کردیا۔ ان کے انتقال کے وقت ان کے پاس تقریباً 35 سے 40 لاکھ روپے موجود تھے۔ ان کی وفات کے بعد ان کی تمام رقم ہمارے چھوٹے بھائی بکر نے اپنے سالے واجد کے حوالے کردی اور اس رقم سے کاروبار شروع کردیا۔ مرحوم خالد کی اولاد میں سے کسی کو بھی اس رقم میں سے کچھ نہیں دیا گیا، بلکہ تمام رقم خود استعمال کرلی گئی۔اس واقعہ پر میں(زید ) اور میرا بیٹا (ضیاء ) گواہ ہیں، اور ہمیں اس معاملے کا علم ہے۔اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا میں، زید ، اپنے مرحوم بھائی خالد کی اولاد، جو میرے بھتیجے ہیں، کے حق میں گواہی دے سکتا ہوں؟ اسی طرح کیا میرا بیٹا ضیاء بھی اپنے چچا زاد بھائیوں، یعنی مرحوم خالد کی اولاد، کے حق میں مذکورہ معاملے کی گواہی دے سکتا ہے؟
قرآن و سنت کی روشنی میں وضاحت فرمائیں کہ مذکورہ صورت میں ہماری گواہی شرعاً معتبر ہوگی یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں آپ( زید ) اور آپ کا بیٹا ضیاء ، خالد کی اولاد کے حق میں گواہی دے سکتے ہیں، اور شرعًا آپ دونوں کی گواہی قابلِ قبول ہوگی۔
نوٹ:اس فتوے کا تعلق صرف ایک مخصوص بات یعنی گواہی سے ہے اس فتوے سے کسی کا حق ثابت نہیں ہوتا ۔ اگر کسی کا حق، ناحق ہونا معلوم کرنا ہو تو الگ سے دوبارہ سوال کیا جائے۔
الدر المختار (8/196) میں ہے:
ومن الشرائط عدم قرابة ولاد او زوجية او عداوة دنيوية او دفع مغرم او جر مغنم.
شرح المجلہ (ص: 798،799) میں ہے:
واما الاقرباء الذين هم عدا هؤلاء ،فتقبل شهادة احدهم للآخر ،فتقبل شهادة الربيب وشهادة الاخ لاخيه واخته واولادهما، وكذا الأعمام واولاده والاخوال والخالات والعمات..
البحر الرائق (7/146) میں ہے:
الرابع: قد يتوهم بعض المتفقهة والشهود ان كل من خاصم شخصا في حق وادعى عليه حقا انه يصير عدوه ويشهد بينهما بالعداوة، وليس كذلك، بل العداوة انما تثبت بنحو ما ذكرت.
نعم لو خاصم الشخص آخر في حق لا تقبل شهادته عليه في ذلك الحق ،کالوكيل لا تقبل شهادته فيما هو وكيل فيه ونحو ذلك ،لا أنه اذا تخاصم اثنان في حق، لا تقبل شهادة احدهما على الاخر لما بينهما من المخاصمة. قلت: ويدل له ما في فتاوى قاضی خان من باب ما يبطل دعوی المدعي: رجل خاصم رجلا في دار او في حق ،ثم ان هذا الرجل شهد عليه في حق آخر جازت شهادته، اذا كان عدلا.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved