• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

بیوی کے مطالبے پر تین مرتبہ “طلاق، طلاق، طلاق” کہنے سے طلاق کا حکم

استفتاء

شوہر کا بیان:

ایک ہفتے سے میرے اور میری بیوی کے درمیان گھریلو لڑائی جھگڑا ہو رہا تھا۔ مورخہ 26-9-21  رات کو  میں  سویا ہوا تھا کہ رات تقریباً دو بجے میری بیوی نے مجھے کہا کہ” مجھے طلاق دے دو” میں نے اسے ایک بار کہا كہ  “میں طلاق دیتا ہوں” اور سو گیا۔ میری بیوی نے دوبارہ مجھے جگایا کہ “مجھے تین بار طلاق کا کہو” میں تین بار اس کو “طلاق، طلاق، طلاق” کہہ کر سو گیا۔

جب صبح ہوئی تو میری بیوی نے کہا کہ “آپ نے مجھے رات کو طلاق دی ہے؟”تو مجھے یاد نہیں تھا کہ میں نے اپنی بیوی کو تین بار طلاق کا کہا ہے۔ نیند میں ہونے کی وجہ سے میرے ہوش و حواس قائم نہ تھے۔ میری رہنمائی فرمائی جائے۔

بیوی کا بیان:

ایک ہفتے سے میرے اور میرے شوہر کے درمیان گھریلو لڑائی جھگڑا ہو رہا تھا۔ مورخہ 26-9-21 بوقت رات تقریباً دو بجے مجھے اتنا شدید غصہ تھا کہ میں نے اپنے شوہر زید کو جگایا کہ “مجھے طلاق دے دو” اس نے مجھے ایک بار طلاق کا کہا اور سو گیا۔ میں نے دوبارہ اسے جگایا کہ” مجھے تین بار طلاق دو”  اس نے مجھے کہا کہ مجھے سونے دو۔ تو مجھے اتنا شدید غصہ تھا کہ میں نے اسے سونے نہ دیا۔ پھر دوبارہ اپنے شوہر کو جگایا کہ مجھے تین بار طلاق دو۔ وہ نیند سے اٹھا اور مجھے تین بار “طلاق، طلاق، طلاق”کہہ دیا۔

جب صبح ہوئی تو میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ آپ نے مجھے رات کو طلاق دی ہے،تو اس نے کہاکہ مجھے نیند کی وجہ سے کچھ یاد نہیں ہے۔ میری ایک بچی ہے اور آگے بھی ماں بننے والی ہوں۔ میری رہنمائی فرمائی جائے۔

تنقیح: دارالافتاء کے نمبر سے شوہر سے رابطہ کیا گیا تو سائل کا کہنا ہے کہ یہ تو معلوم تھا کہ سامنے بیوی بیٹھی ہے اور طلاق کا مطالبہ کررہی ہے اور یہ بھی معلوم تھا کہ میں کیا کہہ رہا  ہوں لیکن طلاق دینے کی نیت نہیں تھی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں تین طلاقیں واقع ہو گئی ہیں، جن کی وجہ سے بیوی اپنے شوہر پر حرام ہو چکی ہے، لہٰذا اب نہ رجوع کی گنجائش ہے اور نہ صلح کی گنجائش ہے۔

توجیہ : بیوی کے مطالبے پر شوہر نے ہوش و حواس میں اسے ’’طلاق دیتا ہوں‘‘ کے الفاظ سے ایک طلاق دی، تو اس کے بعد شوہر کو مزید دو طلاقیں دینے کا اختیار حاصل تھا۔ بیوی کے دوبارہ مطالبے پر شوہر نے ہوش و حواس میں “طلاق، طلاق، طلاق”کہہ کر مزید دو طلاقیں بھی واقع کر دیں۔ اس طرح تین طلاقیں مکمل ہو گئیں، جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی۔

شامی (3/293) میں ہے:

[فروع] كرر لفظ الطلاق وقع الكل، وإن نوى التأكيد دين.

(قوله كرر لفظ الطلاق) بأن قال للمدخولة: أنت طالق أنت طالق أو قد طلقتك قد طلقتك أو أنت طالق قد طلقتك أو أنت طالق وأنت طالق، وإذا قال: أنت طالق ثم قيل له ما قلت؟ فقال: قد طلقتها أو قلت هي طالق فهي طالق واحدة لأنه جواب، كذا في كافي الحاكم (قوله وإن نوى التأكيد دين) أي ووقع الكل قضاء،

بدائع الصنائع (3/295) میں ہے:

وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: 230] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved