- فتوی نمبر: 36-333
- تاریخ: 13 اکتوبر 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > کفار اور گمراہ لوگوں سے معاملات
استفتاء
میں ایک دکان پر ملازم ہوں جہاں پر میرے ساتھ ایک غیر مسلم لڑکا بھی ملازمت کرتا ہے اور وہاں ہمارا کھانا پینا ایک ہی دسترخوان پر ہوتا ہے تو معلوم یہ کرنا تھا کہ غیر مسلم کے ساتھ ایک دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا پینا یا ایک برتن میں کھانا شرعاً جائز ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ایک دسترخوان پر کھانا درست ہے اور ایک برتن میں کھانا اگرچہ جائز ہے تاہم کراہت طبعی سے خالی نہیں اس لیے جب تک کوئی خاص مجبوری نہ ہو ایک برتن میں کھانے سے احتیاط کی جائے۔
خلاصۃ الفتاویٰ (4/346) میں ہے:
والأكل والشرب في أواني المشركين مكروه ولا بأس بطعام المجوسي إلا ذبيحتهم وفي الأكل معهم عن الحاكم عبد الرحمن: لو ابتلي به المسلم مرة ومرتين لا بأس به، أما الدوام عليه فمكروه
کفایت المفتی (9/105) میں ہے:
سوال: مسلمانوں کو مشرکوں کے ہاتھ کا پکایا ہوا کھانا جائز ہے اور مشرکوں میں خاکروب کنجر اور چمار اہل ہنود اور یہودی نصرانی وغیرہ سب شامل ہیں۔
جواب: مشرکین کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا جب کہ پکانے والوں کے ہاتھ کسی حقیقی پلیدی اور نجاست سے ملوث نہ ہوں مسلمانوں کے لئے حلال ہے دلیل یہ ہے کہ قرآن مجید میں نصاریٰ اور یہود کو مشرک فرمایا ہے اور پھر بھی اہل کتاب کے کھانے کو مسلمانوں کے لئے حلال فرمایا ہے اور رسول نے مشرک کو اپنے ساتھ کھانے میں شریک کرلیا تھا اور اسلام نے انسان کے جسم کو پاک قراردیا ہے جب کہ اس پر باہر کی ناپاکی لگی ہوئی نہ ہو اس حکم میں سب انسان برابر ہیں ………. الخ
فتاویٰ دارالعلوم دیوبند59/16 میں ہے:
سوال: کفار و مشرکین میں سے چو ہڑے، بھنگی اورچمار کے ساتھ ایک برتن میں کھانا مسلمان کو جائز ہے یا نہیں؟
جواب: یہ تو کتبِ فقہ، درمختار وغیرہ میں تصریح ہے کہ آدمی کا جھوٹا، اگرچہ وہ کافر ہو، پاک ہے، اس لیے گنجائشِ جواز ہے، لیکن مسلمان کے لیے یہ بہتر نہیں ہے کہ کفار کے ساتھ ایک برتن میں کھانا وغیرہ کھائے۔
فتاویٰ دارالعلوم دیوبند (16/92) میں ہے:
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ مسلمانوں کا عیسائیوں کے ساتھ کھانا تناول کرنا کیسا ہے؟
جواب: اگرچہ فتویٰ میں جائز ہے، اس صورت میں کہ برتنوں اور کھانے کی پاکی اور کھانے کی حلت کا یقین ہو، مگر مصلحت اور احتیاط کے خلاف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved