- فتوی نمبر: 37-108
- تاریخ: 09 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > کنائی الفاظ سے طلاق کا حکم
استفتاء
میرے بھائی اور بھابھی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے بعد میری بھابھی اپنے میکے جانے لگیں تو میرے بھائی نے اپنی بیوی کو میکے جانے سے منع کیا، لیکن میری بھابھی نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ نہیں، میں میکے جا رہی ہوں۔ اس پر میرے بھائی کو غصہ آگیا اور غصے کی حالت میں انہوں نے میری بھابھی سے کہا کہ “اگر تم جا رہی ہو تو دوبارہ واپس مت آنا”سوال یہ ہے کہ کیا میرے بھائی کے مذکورہ الفاظ سے شرعاً طلاق واقع ہوئی یا نہیں؟ اگر طلاق واقع ہوئی ہو تو کون سی اور کتنی طلاق ہوئی ہے؟
وضاحت مطلوب ہے: میاں بیوی کا رابطہ نمبر ارسال کریں۔
جواب وضاحت: شوہر کا رابطہ نمبر *****ہے۔
دارالافتاء کے نمبر سے شوہر سے رابطہ کیا گیا تو اس نے بتایا کہ مذکورہ الفاظ سے میری طلاق کی نیت نہیں تھی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگر شوہر بیوی کے سامنے اللہ کی قسم کھا کر یہ کہہ دے کہ اس کی مذکورہ الفاظ سے طلاق کی نیت نہیں تھی تو مذکورہ الفاظ سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی اور اگر وہ قسم دینے سے انکار کرے تو بیوی اپنے حق میں ایک بائنہ طلاق سمجھے گی اور بائنہ طلاق سے نکاح ختم ہوجاتا ہے تاہم گواہوں کی موجودگی میں دوبارہ نکاح ہوسکتا ہے۔
توجیہ: مذکورہ جملہ”اگر تم جارہی ہو تو دوبارہ واپس مت آنا “کنایات طلاق کی پہلی قسم میں سے ہے جس سے طلاق کا واقع ہونا ہر حال میں نیت پر موقوف ہوتا ہے تاہم طلاق کی نیت نہ ہونے پر شوہر کو بیوی کے سامنے قسم دینی پڑتی ہے اگر شوہر قسم دینے سے انکار کرے تو بیوی اپنے حق میں ایک بائنہ طلاق شمار کرنے کی پابند ہوتی ہے۔
شامی (3/300) میں ہے:
(تتوقف الأقسام) الثلاثة تأثيرا (على نية) للاحتمال والقول له بيمينه في عدم النية ويكفي تحليفها له في منزله، فإن أبى رفعته للحاكم فإن نكل فرق بينهما مجتبى.(وفي الغضب) توقف (الأولان) إن نوى وقع وإلا لا
شامی (4/594) میں ہے:
والحاصل أن الأول يتوقف على النية في حالة الرضا والغضب والمذاكرة
خیر الفتاویٰ (5/220) میں ہے:
سوال: زید نے اپنی منکوحہ بیوی کو ناراضگی کی حالت میں یہ الفاظ کہے “تازندگی تو اپنے والدین کے گھر رہ، تیرے لیے مرد بہت ہیں اور میرے لیے عورتیں بہت ہیں۔” کیا اس سے طلاق بائنہ واقع ہو جائے گی؟
جواب: اگر زید نے یہ الفاظ بنیتِ طلاق کہے ہیں تو اس جملے سے “تازندگی اپنے والدین کے گھر رہ”، اس کی زوجہ پر ایک طلاقِ بائنہ واقع ہو گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved