- فتوی نمبر: 35-235
- تاریخ: 29 مئی 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > متفرقات حظر و اباحت
استفتاء
English Fluoride(انگلش فلو رائڈ ) ٹوتھ پیسٹ استعمال کرسکتے ہیں؟ اس میں کوئی ناپاک چیز تو شامل نہیں کی جاتی؟ کیا اس کا استعمال جائز ہے؟ اس کے اجزائے ترکیبی درج ذیل ہیں:
Sodium Monofluorophosphate, Sodium Fluoride, Liquid Calcium, Dicalcium Phosphate Dihydrate, Menthol
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہEnglish Fluoride(انگلش فلو رائڈ ) ٹوتھ پیسٹ کے اجزائے ترکیبی میں سے کسی جز کے ناپاک ہونے پر ہمیں کوئی قابل اعتبار دلیل نہیں ملی لہذا جب تک مذکورہ ٹوتھ پیسٹ میں کسی ناپاک جز کے شامل ہونے کی کوئی قابل اعتبار دلیل سامنے نہیں آتی اس وقت تک اس ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کی گنجائش ہے۔
مذکورہ ٹوتھ پیسٹ کی پیکنگ پر پانچ (5)اجزائے ترکیبی مذکورہیں جن میں ایک (1) نباتاتی اور چار(4) معدنی ہیں۔ ان اجزاء کی تفصیل یہ ہے:
نباتاتی جزء:
1۔ Menthol منتھول (پودینہ سے حاصل شدہ خوشبودار مادہ)
ہماری معلومات کے مطابق یہ جزء پاک ہے ۔
معدنی اجزاء:
2۔ Sodium Monofluorophosphate سوڈیم مونو فلوورو فاسفیٹ ( جسے صنعتی طور پر سوڈیم فلورائیڈ اور سوڈیم میٹا فاسفیٹ کے تعامل سے تیار کیا جاتا ہے)
3۔ Sodium Fluoride سوڈیم فلورائیڈ (جسے دانتوں کی خرابی سے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے )
4۔ Liquid Calciumمائع کیلشیم (اگر چہ دودھ ، دہی ، پنیر اور پودوں سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن صنعتی طور پر چونے کے پتھر یا کیلشیم کاربونیٹ سے حاصل کیا جاتا ہے )
05۔ Dicalcium Phosphate Dihydrateڈائی کیلشیم فاسفیٹ ڈائی ہائیڈریٹ (کیلشیم ہائیڈرو آکسائڈ کو فاسفورس ایسڈ کے ساتھ ملا کر حاصل کیا جاتا ہے)
ہماری معلومات کے مطابق یہ اجزاء بھی پاک ہیں ۔
نوٹ:ہمارے اس فتوے کا تعلق صرف صارف (Consumer) کے ساتھ ہے کیونکہ ایک مفتی اور عام صارف کو کسی مصنوع(Product)کے ان اجزائے ترکیبی تک ہی رسائی ہو سکتی ہے جو پیکنگ پر درج ہوں اور وہ ان اجزاء کو ہی سامنے رکھ کر اپنے لیئے یا دوسرے کیلئے پاک یا ناپاک کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
جبکہ صانع(Manufacturer)کو اصل حقیقت کا علم ہوتا ہے اس لیے صانع(Manufacturer) نے اگر اپنی کسی مصنوع(Product)میں کوئی ناپاک جزء شامل کیا ہو اور اسے کسی بھی مصلحت سے اجزائے ترکیبی میں ذکر نہ کیا ہو تو صانع (Manufacturer) کا یہ فعل بہر حال غلط ہوگا اور چونکہ ہمارے پاس ایسے وسائل نہیں کہ ہم اس کی تحقیق کر سکیں کہ کسی مصنوع میں واقعتاً کوئی ناپاک جز شامل تو نہیں،اس لیے ہمارے اس فتوے کی صانع (Manufacturer) کے لیئے سرٹیفکیٹ کی حیثیت نہیں ہے۔
نیز ہمارا یہ فتوی موجودہ پیکنگ پر درج اجزائے ترکیبی کے بارے میں ہے لہذا اگر کمپنی آئندہ اجزائے ترکیبی میں کوئی تبدیلی کر ےتو ہمارا یہ فتوی اس کو شامل نہ ہوگا۔
بہشتی زیور (ص:604) میں ہے:
’’نباتات سب پاک اور حلال ہیں الا آنکہ مضر یا مسکر ہو۔‘‘
بہشتی زیور (ص:600) میں ہے:
’’جمادات سب پاک اور حلال ہیں الا آنکہ مضر یا نشہ لانے والا ہو۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved
