- فتوی نمبر: 37-159
- تاریخ: 29 نومبر 2026
- عنوانات: مالی معاملات > آن لائن کمائی > مروجہ آن لائن کمپنیاں
استفتاء
X کے ذریعے کمائی کرنا کیسا ہے؟ طریقۂ کار یہ ہے کہ ہمیں اکاؤنٹ پر 200k(دو لاکھ) ویریفائیڈ امپریشنز اور 500 ویریفائیڈ فالوورز چاہیے ہوتے ہیں۔
X پاکستان میں دستیاب نہیں ہے اور کام نہیں کرتا، مگر VPN کے ساتھ یہ سارے کام کرتے ہیں۔ پوسٹس ہم سیاست کے حوالے سے لگاتے ہیں کہ فلاں نے یہ کام کیا، آپ اسے کیسا سمجھتے ہیں؟ کبھی کبھار نیوز جھوٹی بھی ہوتی ہے، لیکن زیادہ تر سچی ہوتی ہے (چلیں، آپ سمجھیں کہ جھوٹی نہیں ہوتی)۔ کبھی اسلام کے بارے میں کچھ لگا دیا (صحیح باتیں)، کبھی کچھ اور، تو کبھی کچھ اور۔ ہر پوسٹ کے ساتھ تصویر بھی ضرور لگانی ہوتی ہے۔ زیادہ تر خواتین کی تصاویر استعمال ہوتی ہیں، اب چاہے اس نے کپڑے صحیح پہنے ہوں یا نہ پہنے ہوں۔
مزید یہ کہ ہم جو پوسٹس لگاتے ہیں، وہ فیس بک، تھریڈز، انسٹاگرام وغیرہ سے کسی کی پوسٹ اٹھا لیتے ہیں، اسے سیو کرتے ہیں، اس کا اسکرین شاٹ لے لیتے ہیں یا کسی اور طریقے سے حاصل کرتے ہیں، پھر اس پر اپنا لوگو وغیرہ لگا کر ایک دو تبدیلیاں کرتے ہیں اور اسے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کر دیتے ہیں۔
تو ہمارے سامنے بعض اوقات ایسی پوسٹس بھی آتی ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کے بارے میں کچھ غلط لکھا ہوتا ہے، جو کہ ہم بالکل پوسٹ نہیں کرتے، بس ہمارے سامنے سے گزر جاتی ہیں۔ اسی طرح اسلام کے بارے میں بھی کبھی کچھ غلط لکھا ہوا سامنے آ جاتا ہے، جو ہم خود پوسٹ نہیں کرتے۔
اب X پاکستان میں پے آؤٹ نہیں دیتا، اس لیے اپنے اکاؤنٹ کو ہمیں اس طرح ریڈی کرنا ہوتا ہے کہ ہم امریکہ یا برطانیہ سے ہیں اور ہم فلاں سیاسی پارٹی کے سپورٹر ہیں، جبکہ حقیقتاً ایسا نہیں ہوتا۔ DP وغیرہ بھی لڑکی کی لگانی پڑتی ہے۔پھر X ہر 14 دن بعد پے آؤٹ دیتا ہے، جو کافی اچھا ہوتا ہے۔ پوسٹس پر جتنے ریپلائز (کمنٹس)، لائکس اور ویوز وغیرہ آتے ہیں، اسی حساب سے پے آؤٹ ملتا ہے۔ ایڈز والا کوئی سین نہیں ہوتا۔
مزید یہ کہ جن AI ٹولز سے ہم اپنی پوسٹس ایڈٹ کرواتے ہیں، مثلاً ChatGPT، Grok وغیرہ، وہ فی الحال کارڈنگ کے ذریعے لیے گئے ہیں۔ لیکن اگر ہم یہ سوچیں کہ جب کمائی شروع ہو جائے گی تو ہم اپنے پیسوں سے ان ٹولز کی سبسکرپشن خریدیں گے، یا اگر ابھی کارڈنگ کے ذریعے استعمال کیے گئے ٹولز کی تلافی اس طرح کریں کہ جتنے مہینے ہم نے ChatGPT، Grok وغیرہ استعمال کیے ہیں، کمائی آنے کے بعد اتنے مہینوں کی سبسکرپشن کے برابر رقم صدقہ کر دیں، تو کیا اس طرح یہ معاملہ درست ہو جائے گا یا نہیں؟
اب بتائیں کہ اس ساری صورتِ حال کے بعد اس طریقے سے کمائی کرنا صحیح ہے یا نہیں؟
نیز حرام کمائی کے نقصانات بھی قرآن و حدیث کی روشنی میں تفصیل سے بتا دیں، اور یہ بھی بتائیں کہ اگر اس میں کچھ چیزیں غلط یا حرام ہیں تو ان سے بچنے کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے؟
تنقیح: کارڈنگ (Carding) کے ذریعے ChatGPT سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے مراد یہ ہے کہ کسی دوسرے شخص کے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی معلومات استعمال کرکے ChatGPT یا کسی دوسرے AI پلیٹ فارم کی پیڈ سروس حاصل کی جائے اور اس کے ذریعے تصاویر یا ویڈیوز بنائی جائیں۔
کارڈنگ عموماً چوری شدہ یا غیر مجاز کارڈ کی معلومات کے ذریعے ادائیگی کرنے کو کہتے ہیں۔ یہ مالی دھوکہ دہی اور غیر قانونی عمل ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
X کے ذریعے درج ذیل وجوہات کی بنا پر کمائی کرنا جائز نہیں ہے:
1۔: پوسٹ کے ساتھ تصاویر لگانا، بالخصوص خواتین کی تصاویر۔
2۔X کے سامنے یہ ظاہر کرنا کہ ہم امریکہ یا برطانیہ سے ہیں، جو کہ جھوٹ اور دھوکہ ہے۔
3۔ChatGPT AI وغیرہ سے کارڈنگ کے ذریعے اپنا کام لینا، جو کہ دھوکہ اور چوری ہے۔
کارڈنگ کے ذریعے جو تصاویر بنائی گئی ہیں، ان میں بھی اکثر ممنوع تصاویر ہیں، جن کا بنانا اور ان سے کمائی کرنا دونوں ناجائز ہیں۔نیز یہ سوچنا کہ بعد میں صدقہ کروں گا، درست نہیں ہے۔ بلکہ توبہ کی امید پر گناہ کرنا بڑی جرأت اور بے باکی ہے۔
حرام کمائی کے نقصانات یہ ہیں کہ (۱) حرام غذا جس جسم میں جاتی ہے وہ جسم آگ کا مستحق ہوتا ہے۔(۲)دعا قبول نہیں ہوتی (۳) حرام مال سے کیا گیا صدقہ قبول نہیں ہوتا(۴) اعمالِ صالحہ کی توفیق نہیں ملتی۔
صحیح مسلم (رقم الحدیث:1015) میں ہے:
عن أبي هريرة؛ قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:”أيها الناس! إن الله طيب لا يقبل إلا طيبا. وإن الله أمر المؤمنين بما أمر به المرسلين. فقال: {يا أيها الرسل كلوا من الطيبات واعملوا صالحا إني بما تعملون عليم}. [23 / المؤمنون/ الآية 51] وقال: {يا أيها الذين آمنوا كلوا من طيبات ما رزقناكم} [2 / البقرة / الآية 172] “. ثم ذكر الرجل يطيل السفر أشعث أغبر يمد يديه إلى السماء يا رب! يا رب! ومطعمه حرام، ومشربه حرام، وملبسه حرام، وغذي بالحرام. فأنى يستجاب لذلك؟ “
مسند احمد (رقم الحدیث: 14441) میں ہے:
يا كعب بن عجرة، إنه لا يدخل الجنة لحم نبت من سحت، النار أولى به
مسند ابی یعلیٰ (1/84) میں ہے:
عن أبى بكر الصديق رضى الله تعالى عنه أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: “لا يدخل الجنة جسد غذى بحرام”.
سنن ترمذی (رقم الحديث:1972) میں ہے:
عن ابن عمر عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: إذا كذب العبد تباعد عنه الملك ميلا من نتن ما جاء به.
شرح البخاری ، للسفیری(2/58) میں ہے:
أما الكذب فهو: الإخبار عن الشيء على خلاف الواقع سواء كان عمداً أو جهلاً، لكن لا إثم عليه في الجهل، بخلاف العمد وهو حرام.
البحر الرائق (2/29) میں ہے:
“وظاهر كلام النووي في شرح مسلم الإجماع على تحريم تصويره صورة الحيوان وأنه قال: قال أصحابنا وغيرهم من العلماء: تصوير صور الحيوان حرام شديد التحريم وهو من الكبائر لأنه متوعد عليه بهذا الوعيد الشديد المذكور في الأحاديث يعني مثل ما في الصحيحين عنه – صلى الله عليه وسلم – «أشد الناس عذابا يوم القيامة المصورون يقال لهم أحيوا ما خلقتم» ثم قال وسواء صنعه لما يمتهن أو لغيره فصنعته حرام على كل حال لأن فيه مضاهاة لخلق الله تعالى وسواء كان في ثوب أو بساط أو درهم ودينار وفلس وإناء وحائط وغيرها اهـ. فينبغي أن يكون حراما لا مكروها إن ثبت الإجماع أو قطعية الدليل لتواتره.”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved