• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

زندگی میں بیٹوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کی ہوئی زمین کا حکم

استفتاء

میرے دادا کی کچھ زرعی زمین تھی اور ان کے چار بیٹے تھے۔ اپنی وفات سے قبل میرے دادا نے بذریعہ قرعہ اندازی اپنی اکثر زمین اپنے بیٹوں میں تقسیم کر دی، اور ہر بیٹے نے اپنے حصے پر قبضہ بایں معنی کر لیا کہ کھیتی باڑی شروع کر دی اور کسی نے زمین ٹھیکے پر دے دی ۔

البتہ دادا نے اپنی بیٹیوں کے حصے کی زمین اپنے ہی قبضہ میں رکھی اور خود اس پر کاشتکاری وغيرہ کرتے رہے، اس نیت سے کہ ان کی وفات کے بعد یہ زمین ان کی بیٹیوں کو مل جائے گی۔ اب دریافت طلب امور یہ ہیں کہ:

1۔وہ زمین جو دادا نے اپنی زندگی میں بیٹوں میں تقسیم کر کے ان کے قبضہ میں دے دی تھی، کیا وہ شرعاً ہبہ شمار ہوگی؟

2۔کیا بیٹیاں اس زمین (جو بیٹوں کو دی جا چکی تھی) میں سے اپنے حصے کا مطالبہ کر سکتی ہیں یا نہیں؟ ( سرکاری کاغذات میں ابھی وہ تقسیم شدہ زمین تمام بہن بھائیوں میں مشترک ہے ) ۔

3۔جو زمین دادا نے اپنی بیٹیوں کے لیے مخصوص کر کے اپنے قبضہ میں رکھی ہوئی تھی، کیا اس میں بیٹوں کا بھی بطورِ وراثت حصہ ہوگا یا وہ صرف بیٹیوں کے لیے خاص ہوگی؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔مذکورہ صورت میں جو زمین آپ کے  دادا نے اپنی زندگی میں اپنے بیٹوں کو دی وہ  بیٹوں کو  ہبہ ہوگئی ۔

2۔بیٹیاں اس زمین میں سے ( جو بیٹوں کو دی گئی ہے ) اپنے حصے کا مطالبہ  نہیں کرسکتیں۔

3۔ دادا نے جو زمین اپنے قبضے میں  اپنی بیٹیوں کے  لیے مخصوص کرکے رکھی ہوئی تھی دادا کی وفات کے بعد بیٹوں کا اس زمین میں حصہ نہیں ہوگا وہ صرف بیٹیوں کے لیے خاص ہوگی۔

توجیہ :  دادا نے اپنی زندگی میں  اپنی اولاد میں زمین تقسیم کردی اور   اولاد نے   اس  تقسیم کو قبول کر لیا  لہٰذا داد نے جو حصہ جس کو دیا وہ اسی کا ہے ، بیٹے چونکہ اپنے حصہ پر قبضہ کرچکے ہیں  لہٰذا جو زمین بیٹیوں کے لیے رکھی ہے اس میں بیٹوں کا کوئی حصہ نہیں ہوگا۔

شامی (10/365) میں ہے:

قال القهستاني: واعلم ‌أن ‌الناطفي ذكر عن بعض شيوخه  أن المريض إذا عين لواحد من الورثة شيئا كالدار على أن لا يكون له في سائر التركة حق يجوز، وقيل هذا إذا رضي ذلك الوارث به بعد موته فحينئذ يكون تعيين الميت كتعيين باقي الورثة معه كما في الجواهر اهـ. قلت: وحكى القولين في جامع الفصولين فقال: قيل جاز وبه أفتى بعضهم وقيل لا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved