- فتوی نمبر: 32-284
- تاریخ: 03 جون 2026
- عنوانات: مالی معاملات > متفرقات مالی معاملات
استفتاء
کیا فرماتے ہیں علماء اس مسئلہ کے بارے میں کہ قربانی کے جانور کے علاوہ جیسا کہ کسی دعوت وغیرہ کے موقع پربھیڑ بکری یا گائے کو ذبح کیا جائے تو قصائی کو اجرت میں مذبوحہ جانور کی کھال اور گوشت دینا جائز ہے یا نہیں ؟
وضاحت مطلوب ہے : (1)کیا آپکے ہاں کھال کو اجرت میں دینے کا عرف ہے ؟(2) اگر عرف ہے تو کیا اسی جانور کی کھال اجرت میں دینا ضروری سمجھا جاتاہے یا نہیں؟ اگر قصائی کو اس کی بجائےپیسے دے دیے جائیں تو وہ بھی لے لیتا ہےیا نہیں؟
جواب وضاحت: (1) نہیں اکثر لوگ اجرت میں پیسے دیتے ہیں کوئی کوئی کھال اجرت میں دیتا ہے۔(2) اسی جانور کی کھال اور گوشت کو اجرت میں دینا ضروری نہیں۔ نیز اس کی بجائے پیسے دے دیں تو وہ بھی لے لیتا ہے اور اصل اس میں کھال ہی ہے گوشت اپنے طور پر تھوڑا سا لوگ دے دیتے ہیں نہ بھی دیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں کھال اور گوشت بطوراجرت کے قصائی کود ینا جائز ہے۔
توجیہ: کھال اور گوشت کو بطور اجرت دینے کی ممانعت اس وقت ہے جب اسی جانور کی کھال اور گوشت کو اجرت میں دینا ضروری سمجھا جائے جبکہ مذکورہ صورت میں اسی جانور کی کھال اور گوشت کو اجرت میں دینا ضروری نہیں سمجھا جاتا بلکہ اس کی جگہ پیسے بھی دے دیے جائیں تو وہ بھی لے لیے جاتے ہیں لہٰذا یہ صورت قفیر طحان کے معنیٰ میں نہیں ہے جو کہ ناجائز ہے۔
شامی (6/57) میں ہے:
والحيلة أن يفرز الاجر أولا أو يسمى فقيزا بلا تعيين ثم يعطيه قفيزا منه فيجوز.
مسائل بہشتی زیور (2/323) میں ہے:
اجرت وہ چیزہو جو اجیر کے عمل سے حاصل ہو۔
پیسنے کے لیے کسی کو گندم دی اور کہا کہ اسی میں سے پاؤ بھر آٹا پسائی لے لینا۔ یا کھیت کٹوایا اورکہا کہ اسی میں سے اتنا غلہ مزدوری لے لینا یہ سب فاسد ہے۔ اسی طرح جولاہے کو کپڑا بننے کے لیے سوت دیا اور شرط کی کہ جو کپڑا وہ بنے گا اس میں سے اتنا کپڑا اس کو اجرت میں دیں گے تو یہ بھی فاسد ہے۔
البتہ مندرجہ ذیل طریقے جائز ہیں :
(۱)مالک گندم میں سے اجرت پہلے ہی نکال کر چکی والے کو دے دے۔ چکی والا اپنی اجرت کی گندم کو باقی گندم کے ساتھ پیس کر اپنا حصہ علیحدہ کر لے تو جائز ہے۔
(ب)اجرت میں روپے یا گندم یا دونوں چیزیں طے کر لے۔
(ج)آٹے کو بلا تعیین ذکر کرے یعنی یوں کہے کہ ایک من گندم کی پسائی کی اجرت ایک کلو آٹا ہو گی یوں نہ کہے کہ پسے ہوئے آٹے میں سے ایک کلو ہو گی۔ پھر خواہ کوئی دوسرا آٹا دے یا اسی پسے ہوئے میں سے دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved