• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

طلاق کی تحریر (میسج) سے شوہر کا انکار

استفتاء

میری اپنے شوہر کے ساتھ اکثر لڑائی ہوتی رہتی ہے، مگر اس نے کبھی بھی طلاق کے لفظ استعمال نہیں کیے، چند روز پہلے میں راضی خوشی اپنے ماں باپ کے گھر آئی تو موبائل پر شوہر کے نمبر سے یہ میسج آیا "فارغ ہے توں tlaq 1, talaq 2, talaq3″۔ اس کے علاوہ مزید کچھ بھی نہیں لکھا ہوا تھا، نہ سائن تھے، چند میسیجز کے بعد یہ لکھا تھا کہ میسیج پر طلاق نہیں ہوتی۔

صورتحال یہ ہے کہ میرا شوہر انکاری ہے کہ اس نے طلاق دی ہو، وہ بالکل نہیں مانتا، میرا شوہر ان پڑھ ہے، میسیج پر صرف گذارہ کرتا ہے، بھنگ، شراب اور سیگریٹ کا نشہ بھی کرتا ہے، اپنے مطلب کے خاطر جھوٹا قران بھی اٹھا سکتا ہے۔ میرے ماں باپ

نے اسے بلایا تو آیا بھی نہیں کہ کہیں مجھ سے طلاق نہ لکھوا لیں۔ اس کی ماں بھی کہتی ہے کہ اس نے طلاق نہیں دی، تم صلح کر لو۔

مفتی صاحب میرے دو بچے  ہیں مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کروں؟ آج تک لڑائی جھگڑوں میں کبھی طلاق کا لفظ بھی نہیں بولا۔ آپ میری رہنمائی کریں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں شوہر میسج کا انکار کر رہا ہے اور دو گواہ عادل بھی  نہیں جو اس بات کی گواہی دیں کہ یہ میسج شوہر نے لکھا ہے یا لکھوایا ہے، لہذا شوہر کا انکار معتبر ہے، اس لیے طلاق واقع نہیں ہوئی۔ جیسا کہ فتاویٰ شامی میں ہے:

و إن لم يقر أنه كتابه و لم تقم بينة لكنه وصف الأمر علی وجهه لا تطلق قضاء و لا ديانة و كذا كل كتاب لم يكتبه بخطه و لم يمله بنفسه لا يقع الطلاق ما لم يقر أنه كتابه.  (رد المحتار: 4/ 443)

نیز فتاویٰ دار العلوم دیوبند میں ہے:

"***نے اپنی عورت ***کو اس مضمون کا خط لکھا کہ میں نے تم کو چھوڑ دیا ہے، اس خط کے پہنچنے پر اس کی عورت مطلقہ ہو گئی یا نہیں؟ لیکن خط کے پہنچنے پر جب ***سے دریافت کیا کہ تم نے اپنی عورت کو اس مضمون کا خط لکھا ہے تو ***نے حلفیہ مسجد میں کہا کہ میں نے کوئی خط نہیں لکھا اور نہ کبھی ***کو طلاق دینے کا خیال کیا ہے، کیا یہ ***کا انکار معتبر اور مسموع ہو گا یا نہیں؟

جواب: جب کہ ***اس تحریر سے انکار کرتا ہے اور دو گواہ عادل ***کی طلاق دینے یا خط لکھنے کے نہیں تو انکار ***کا معتبر ہے اور طلاق ثابت نہ ہو گی۔” (فتاویٰ دار العلوم دیوبند: 9/ 108- 109) فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved